پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے اپنی سالگرہ شوہر امیر گیلانی کے ساتھ سادگی سے منائی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
سوشل میڈیا پر شئیر کی گئی تصاویر میں ماورا ہلکے گلابی رنگ کے فراک میں نظر آ رہی ہیں، جبکہ امیر گیلانی نیلی شرٹ میں ملبوس ہیں ۔
اداکارہ سالگرہ کے مختلف پروپس کے ساتھ پوز بھی دیتی نظر آرہی ہیں ۔
تصاویر شیئر ہوتے ہی مداحوں اور شوبز شخصیات نے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں ، اداکارہ مایا علی اور درِفشاں سلیم سمیت ساتھی اداکاروں نے بھی جوڑے کے لیے دعاؤں اور محبت بھرے پیغامات دیے۔
ماورا حسین 28 ستمبر 1992 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 2011 میں ڈرامہ “کھچڑی سالسہ” سے اداکاری کا آغاز کیا اور “ثبات” اور “نیم” جیسے ڈراموں سے شہرت حاصل کی۔ 2016 میں بھارتی فلم “صنم تیری قسم” میں کام کیا۔
ماورا اور امیر گیلانی کی ملاقات 2020 میں ڈرامے “ثبات” کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دونوں نے 5 فروری 2025 کو لاہور میں سادہ سی تقریب میں شادی کی، بعد میں اسلام آباد میں گیلانی خاندان کے گھر پر ایک مختصر استقبالیہ بھی ہوا جس میں صرف قریبی عزیز اور دوست شریک تھے۔
امیر گیلانی اداکار اور گلوکار ہیں اور ہارورڈ لاء اسکول سے ایل ایل ایم کر چکے ہیں ، ان کے دادا سید افتخار حسین گیلانی بے نظیر بھٹو کی حکومت میں وزیر قانون رہے۔
اس جوڑے کی سالگرہ کی پوسٹس ہمیشہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بنتی رہی ہیں ، اسی سال جولائی میں امیر کی سالگرہ پر ماورا نے شادی کی ویڈیو کے ساتھ انہیں اپنی زندگی کا بہترین فیصلہ قرار دیا تھا، جسے سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا۔