وہ ہمسفر تھا! ماہرہ خان نے مداحوں کو 15 سال پرانی یادوں میں لوٹا دیا

وہ ہمسفر تھا! ماہرہ خان نے مداحوں کو 15 سال پرانی یادوں میں لوٹا دیا

پاکستانی ٹیلی ویژن کے سب سے بڑے شاہکار ڈرامے “ہمسفر” کو نشر ہوئے پورے 15 سال مکمل ہو ئے ، اس موقع پر ڈرامے کی مرکزی اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے  یادگار ڈرامے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کے فنی سفر کے دو یادگار لمحات شامل ہیں۔

 ویڈیو کے ایک حصے میں وہ 2011 کے مقبول ڈرامے ’ہمسفر‘ میں خِرَد کے کردار میں نظر آتی ہیں، جبکہ دوسرے کلپ میں وہ اپنے حالیہ ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ میں بلقیس بانو کے کردار میں گھومتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔

ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں یاد دلایا کہ کس طرح انہوں نے “ہمسفر” میں خرد کا مرکزی کردار نبھا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوا، اور آج 15 سال بعد وہ اپنے نئے ڈرامے “مٹی دے باوے” میں بیلو کے کردار میں نظر آ رہی ہیں ، یہ 15 سالہ سفر “محبت اور کہانی سنانے کی دنیا میں گھومنے” جیسا رہا۔

یہ بھی پڑھیں :اداکارہ ماہرہ خان نے مداحوں کو خوشخبری سنا دی، ننھے مہمان کی آمد متوقع

ماہرہ خان نے ایک خاص بات کا بھی ذکر کیا جس میں ان کاکہنا تھا کہ  ان کا نیا ڈرامہ “مٹی دے باوے” بالکل اسی تاریخ کو نشر ہوا جس دن 15 سال پہلے “ہمسفر” کی پہلی قسط آن ایئر ہوئی تھی ،  اس اتفاق نے مداحوں کو مزید جذباتی کر دیا۔

مداحوں کیلئے خصوصی پیغام

اداکارہ نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پیار سے “ہمسفر” کا لقب دیتے ہوئے  کہا کہ ان کی مسلسل پسندیدگی ہی ان کے کیریئر کی سب سے بڑی طاقت رہی ہے۔

ہمسفر: ایک ایسا ڈرامہ جس نے تاریخ رقم کی

فرحت اشتیاق کے مشہور ناول پر مبنی “ہمسفر” 2011-2012 میں نشر ہوا تھا اور اسے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ کا سب سے کامیاب ترین سیریل قرار دیا جاتا ہے۔

خرد اور اشعر کی محبت اور قربانی سے بھرپور کہانی نے نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی لاکھوں دلوں کو چھو لیا ، اس ڈرامے نے فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی کو راتوں رات سٹار بنا دیا۔

15 سال گزرنے کے باوجود “ہمسفر” کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی،  ماہرہ خان کے تازہ پیغام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ یہ ڈرامہ آج بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملکۂ ترنم نور جہاں کی 100ویں سالگرہ پر خراج تحسین نہ ملنے پر احمد علی بٹ کا مایوسی کا اظہار

اسی دوران ماہرہ خان نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک اہم خبر بھی شیئر کی جس میں اداکارہ نے اپنے دوسرے بچے کی آمد کی خوشخبری سنائی۔

یوں ’ہمسفر‘ کی 15ویں سالگرہ، ’مٹی دے باوے‘ کی پذیرائی اور یہ ذاتی خوشی، ماہرہ خان کے لیے ایک ہی عرصے میں تین بڑے سنگ میل بن گئے۔

editor

Related Articles