ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز اپنی نئی فلم کی تشہیر کے دوران ایک دلچسپ واقعے کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے۔
فلم کی پروموشن کے دوران کلیمینٹینا نامی ایک خاتون اپنے کام کی جگہ پر فون میں مصروف تھیں۔ اسی دوران ٹام کروز وہاں سے گزرے اور انہیں دیکھ کر محسوس کیا کہ شاید وہ کسی پریشانی یا اداسی میں ہیں۔ ٹام کروز نے خاتون کے پاس رک کر ان کی خیریت دریافت کی، مسکرائے اور دوستانہ انداز میں ان سے فِسٹ بمپ کیا، جس کے بعد وہ وہاں سے آگے بڑھ گئے۔
اس مختصر ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی وائرل ہوگئی۔ صارفین نے ٹام کروز کے اس دوستانہ انداز پر دلچسپ تبصرے کیے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص اچانک اپنے دفتر یا کام کی جگہ پر ٹام کروز کو اپنے سامنے دیکھ لے تو اس کے لیے حیران ہونا بالکل فطری بات ہے۔
ٹام کروز ان دنوں اپنی نئی فلم ’ڈِگر‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری آسکر یافتہ فلم ساز الیژاندرو جی کر رہے ہیں، جبکہ ٹام کروز فلم میں گرین لینڈ کے ایک طاقتور اور غیر معمولی آئل ٹائیکون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی تشہیر کے دوران ٹام کروز کا یہ مختصر مگر دلچسپ انداز ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔