پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی جانب سے استاد نصرت فتح علی خان کو خراج تحسین پیش کرنے کو سراہا ہے۔
راحت فتح علی خان برصغیر کے معروف گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے اپنے خاندان کی موسیقی کی روایت کو آگے بڑھایا۔ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور دنیا کے مختلف ممالک میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔
بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ اپنے عالمی میوزک ٹورز اور بڑے بین الاقوامی کنسرٹس کے باعث بھی خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں ایک کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے ’سانسوں کی مالا‘ پیش کی اور استاد نصرت فتح علی خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ دلجیت کی یہ پرفارمنس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین نے اسے سراہا۔
دلجیت دوسانجھ کی پرفارمنس پر ردعمل دیتے ہوئے راحت فتح علی خان نے ایک میڈیا گفتگو میں ان کی کھل کر تعریف کی۔ راحت فتح علی خان نے کہا کہ بہت سے فنکار استاد نصرت فتح علی خان کے گائے ہوئے کلام کو پیش کرچکے ہیں، تاہم دلجیت دوسانجھ نے جس انداز میں یہ گانا پیش کیا، وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے خاص طور پر اس بات کو سراہا کہ دلجیت نے اتنے بڑے بین الاقوامی اسٹیج پر نصرت فتح علی خان کے گانے کو پیش کیا اور انہیں خراج تحسین دیا۔ راحت فتح علی خان کے مطابق دلجیت کی اس کوشش نے استاد نصرت فتح علی خان کی موسیقی کو ایک بڑے عالمی سامعین تک پہنچانے میں بھی کردار ادا کیا۔