پاکستان میں فیملی کار خریدنے والوں کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں ہونڈا اٹلس کارز پاکستان نے اپنی سات نشستوں والی گاڑی ہونڈا بی آر وی کی فروخت بند کر دی ہے۔
یہ گاڑی ان صارفین میں خاصی پسند کی جاتی تھی جنہیں بڑے خاندان کے لیے کشادہ سواری درکار ہوتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بی آر وی کو ہونڈا پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ پر گاڑیوں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے جبکہ کمپنی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ہونڈا بی آر وی اب پاکستان میں صارفین کے لیے دستیاب نہیں ، یعنی معاملہ صرف افواہ نہیں رہا، بلکہ کمپنی خود اس فیصلے کو تسلیم کر چکی ہے۔
وجہ کیا بنی ؟
اس فیصلے کے پیچھے کیا وجہ ہے، اس بارے میں ہونڈا کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا، نہ فروخت بند کرنے کا سبب واضح کیا گیا ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اس گاڑی کا متبادل کیا ہو گا، اسی وجہ سے گاڑیوں کی مارکیٹ اور صارفین میں مختلف سوالات گردش کر رہے ہیں۔
کیا نئی سات نشستوں والی گاڑی آئے گی؟
سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا ہونڈا پاکستان میں سات نشستوں والی کوئی نئی گاڑی متعارف کرائے گی یا نہیں ؟ فی الحال کمپنی نے اس بارے میں کوئی اعلان سامنے نہیں آٰیا ہے جب تک وضاحت نہیں آتی، اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
خریدار کیا کریں ؟
جو لوگ بی آر وی خریدنے کا ارادہ رکھتے تھے، انہیں اب دوسرے آپشنز دیکھنے پڑ سکتے ہیں، جن کے پاس یہ گاڑی پہلے سے موجود ہے، ان کے لیے فروخت بند ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ گاڑی سڑک سے ہٹ جائے گی، تاہم پرزوں اور سروس کے بارے میں کمپنی کی کوئی نئی پالیسی سامنے آئے تو اسے دیکھنا ضروری ہو گا۔
بہتر یہ ہے کہ صارفین قریبی ڈیلر یا کمپنی کے آفیشل ذرائع سے تازہ معلومات لیتے رہیں۔