اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ پہلی مرتبہ کامیابی سے مدار تک پہنچنے کے بعد زمین پر واپسی کے مرحلے میں بحرالکاہل میں چلی کے قریب تباہ ہوگیا۔
یہ اسٹار شپ کی 14 ویں آزمائشی پرواز تھی، جسے کمپنی کے مستقبل کے خلائی منصوبوں کے لیے اہم تجربہ قرار دیا جارہا تھا۔
واپسی کے دوران ایک انجن نے کام چھوڑ دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق راکٹ کی واپسی سے قبل اس کے 3 مرکزی انجنوں میں سے ایک نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اسپیس ایکس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اسٹار شپ کی لانچنگ، مدار میں پہنچنے اور زمین کی جانب واپسی کے مراحل دکھائے گئے، تاہم راکٹ کے تباہ ہونے سے کچھ دیر قبل ویڈیو ختم ہوگئی۔ بعد ازاں کمپنی نے اسٹار شپ کی سمندر میں واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے اسے راکٹ کی پہلی مداری پرواز قرار دیا۔
چاند اور مریخ تک پہنچنے کا منصوبہ
اسٹار شپ اسپیس ایکس کے مستقبل کے بڑے منصوبوں کا اہم حصہ ہے۔ کمپنی اس خلائی جہاز کو مستقبل میں انسانوں اور سامان کو چاند اور مریخ تک پہنچانے کے لیے استعمال کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔اس مقصد کے لیے اسٹار شپ کی مسلسل آزمائشی پروازیں کی جارہی ہیں تاکہ راکٹ کے مختلف نظاموں اور زمین پر واپسی کے عمل کو بہتر بنایا جاسکے۔
اس سے قبل بھی اسٹار شپ کی متعدد آزمائشی پروازیں کامیابی سے مکمل نہیں ہوسکی تھیں اور بعض پروازوں کے دوران راکٹ فضا میں ہی تباہ ہوگئے تھے۔اسپیس ایکس کے مطابق ہر آزمائشی پرواز سے حاصل ہونے والے تجربات مستقبل کی پروازوں میں بہتری کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔


