الیکٹرک گاڑیوں میں بیٹری میں آگ لگنا صارفین کیلئے تشویشناک معاملات میں سے ایک ہے لیکن اب شیاومی نے اس خدشے سے نمٹنے کے لیے ایسا اعلان کیا ہے جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے کیونکہ کمپنی نے نئی ڈریگن سیکل ای وی بیٹری غیرمعمولی لائف ٹائم گارنٹی کے ساتھ متعارف کرادی ہے ۔
اگر ڈریگن سکیل بیٹری میں مینوفیکچرنگ خرابی کے باعث آگ لگ جائے تو شیاومی متاثرہ مالک کو اسی Skynomad سیریز اور اسی ٹرم کی نئی SUV دے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس معاملے میں گاڑی کی عمر، مائلیج یا قیمت میں کمی کو حساب میں نہیں لیا جائے گا۔
حادثے میں بیٹری جل جائے تو کیا ہوگا؟
شیاومی کی گارنٹی صرف مینوفیکچرنگ خرابی تک محدود نہیں ہے بلکہ اگر کسی تصادم کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگتی ہے تو کمپنی انشورنس سے ملنے والی رقم اور حادثے سے پہلے گاڑی کی مارکیٹ ویلیو کے درمیان فرق بھی ادا کرے گی۔
تاہم، یہ سہولت ہر گاڑی کے لیے نہیں ہے۔ گارنٹی صرف پہلے مالک کی ذاتی استعمال والی گاڑیوں پر لاگو ہوگی۔ رائیڈ شیئرنگ، رینٹل گاڑیاں اور استعمال شدہ گاڑیاں اس میں شامل نہیں۔
شیاومی کی گارنٹی میں ایک اہم شرط
اس گارنٹی کے لیے گاڑی کے مالک کو شیاومی کی کنیکٹڈ سروسز کی فعال سبسکرپشن برقرار رکھنا ہوگی ، اس کے علاوہ گاڑی کی سروس صرف کے مجاز سروس سینٹرز سے کروانا ضروری ہوگا۔
اس شرط کی وجہ بھی خاصی اہم ہے ، کمپنی نے Dragonscale بیٹری میں کلاؤڈ سے منسلک بیٹری مینجمنٹ سسٹم شامل کیا ہے، جو بیٹری کے سیلز سے متعلق ڈیٹا کو مسلسل مانیٹر کرتا ہے۔
نئی بیٹری میں کیا خاص؟
شیاومی کا کہنا ہے کہ ڈریگن سکیل بیٹری موجودہ حفاظتی معیار سے بھی آگے جاتی ہے ، اس میں ہائی وولٹیج آئسولیشن سسٹم موجود ہے جو ملی سیکنڈز میں کام کرتا ہے۔
دوسری جانب بیٹری مینجمنٹ سسٹم سیلز کے ڈیٹا کو معمول سے کہیں زیادہ بار چیک کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گاڑی کی کنیکٹڈ سروسز اس سسٹم کا اہم حصہ بن جاتی ہیں۔
چین کے نئے بیٹری سیفٹی اصول کیا کہتے ہیں؟
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری سیفٹی کے لیے نئے GB 38031-2025 معیار کا نفاذ ہوچکا ہے، جسے عام طور پر ’’نو فائر، نو ایکسپلوژن‘‘ اصول بھی کہا جا رہا ہے۔
پرانے معیار میں بیٹری میں خطرناک صورتحال پیدا ہونے سے پہلے وارننگ دینا کافی تھا، لیکن نئے اصول کے تحت تھرمل رَن اوے شروع ہونے کے بعد بیٹری پیک کو کم از کم دو گھنٹے تک آگ پکڑے بغیر اور مسافروں کے کیبن میں دھواں داخل کیے بغیر برقرار رہنا ہوگا۔
نئے معیار میں گاڑی کے نیچے سے لگنے والے اثرات کے ٹیسٹ اور فاسٹ چارجنگ کے دوران بیٹری کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے تقاضے بھی شامل ہیں۔
شیاو می واحد کمپنی نہیں
Xiaomi پہلی چینی آٹو کمپنی نہیں جس نے بیٹری میں آگ لگنے کے معاملے پر اس نوعیت کی گارنٹی دی ہے۔ Chery اس سے پہلے Rhino Battery Safety پروگرام متعارف کرا چکی ہے، جس میں بیٹری، موٹر اور کنٹرول یونٹ کے لیے لائف ٹائم وارنٹی کے ساتھ تھرمل رَن اوے سے گاڑی تباہ ہونے کی صورت میں متبادل گاڑی کی پیشکش شامل ہے۔
اسی طرح Buick نے بھی محدود مدت کے لیے اسی نوعیت کا وعدہ کیا ہے، تاہم شیاومی اور چیری کی پیشکشیں نسبتاً زیادہ وسیع دکھائی دیتی ہیں۔
Skynomad N90 اور N70 میں کب آئے گی؟
شیاومی کے مطابق ڈریگن سکیل بیٹری 7 ستمبر کو Skynomad N90 اور N70 کے ساتھ لانچ ہوگی۔ ان گاڑیوں میں 76 کلو واٹ آور کی بڑی بیٹری استعمال کی جائے گی، جسے کمپنی لائف ٹائم spontaneous combustion warranty کے ساتھ پیش کر رہی ہے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ یہی بیٹری Xiaomi کی SU7 یا YU7 میں بھی استعمال کی جائے گی یا نہیں۔ تاہم کمپنی یورپی مارکیٹ میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہے، جہاں بیٹری کی یہ لائف ٹائم گارنٹی صارفین کی خاص توجہ حاصل کرسکتی ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کی مقبولیت بڑھنے کے ساتھ بیٹری سیفٹی بھی صارفین کے لیے اہم مسئلہ بنتی جارہی ہے۔ ایسے میں شیاومی کا یہ قدم صرف ایک نئی بیٹری متعارف کرانے تک محدود نہیں بلکہ کمپنی اپنی ای وی ٹیکنالوجی پر اعتماد کا واضح پیغام بھی دے رہی ہے۔
اگر یہ ٹیکنالوجی حقیقی استعمال میں بھی اسی سطح کی حفاظت ثابت کرتی ہے جس کا کمپنی دعویٰ کر رہی ہے تو مستقبل میں دیگرای وی مینوفیکچررز بھی اسی طرح کی طویل مدتی گارنٹیز متعارف کرا سکتے ہیں۔