ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈُوو کی رواں سال تقریباً 60 لاکھ یونٹس فروخت ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
مارکیٹ ریسرچ ادارے کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے مطابق فون کی قیمت اور صارفین کی جانب سے ممکنہ دلچسپی اس کی طلب پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے میڈیارپورٹ کے مطابق آئی فون ڈُوو کی قیمت 1999 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کے مقابلے میں تقریباً 100 ڈالر زیادہ ہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے ریسرچ ڈائریکٹر ترُن پاٹھک کے مطابق ایپل کی جانب سے قیمت کا تعین اس فون کی لانچ کا ایک اہم پہلو ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی جنریشن کے فولڈ ایبل فون کی قیمت 2000 ڈالر سے کم رکھنا ایپل کی جانب سے ایک اہم فیصلہ ہے۔ اس قیمت پر خاص طور پر موجودہ آئی فون پرو صارفین اور وہ افراد دلچسپی لے سکتے ہیں جو طویل عرصے سے ایپل کے فولڈ ایبل فون کا انتظار کر رہے ہیں۔
تاہم، 60 لاکھ یونٹس کی فروخت کا تخمینہ ایک بلند ترین ممکنہ سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ اس ہدف کا انحصار اس بات پر بھی ہوگا کہ ایپل اپنی پیداواری صلاحیت میں کتنی تیزی سے اضافہ کر پاتی ہے۔
ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس نے فون کے ڈیزائن کو سوچا سمجھا ڈیزائن قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق دیگر کمپنیوں کے بعض فولڈ ایبل فون ایسے محسوس ہوتے ہیں جیسے2 اسمارٹ فونز کو ایک ساتھ جوڑ دیا گیا ہو۔ یوں آئی فون ڈُوو کی کامیابی صرف صارفین کی دلچسپی ہی نہیں بلکہ اس کی قیمت، پیداوار اور ایپل کی سپلائی کو بھی اہم امتحان میں ڈال سکتی ہے۔