پاکستان کے سب سے زیادہ وائرل تنازع پر سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری ساتھی فنکارہ نادیہ خان کے دفاع میں سامنے آ گئیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ و میزبان نادیہ خان اور فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع اس وقت طول پکڑ گیا جب صارفین کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے پریشے عدنان کی حمایت کی اور میزبان نادیہ خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔
چند روز قبل نادیہ خان نے پریشے عدنان کو ان کی عالمی سطح پر کامیابی کے بعد اپنے پروگرام میں مدعو کیا، تاہم پروگرام کے دوران فیشن ڈیزائننگ سے بات نکل کر پریشے عدنان کے جم سوٹ تک جا پہنچی ، جس کے بعد نادیہ خان کو سوشل میڈیا صارفین اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے خوب ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اس تنازع پر گفتگو کرتی نظر آئیں۔
بشریٰ انصاری نے اس تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پریشے کی عالمی کامیابی کو نمایاں کیا جانا چاہیے، تاہم نادیہ خان کو مسلسل ٹرول کرنے کا سلسلہ بھی ایک حد سے آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے پریشے کے انٹرویو کے بعد نادیہ خان پر ہونے والی شدید تنقید کے تناظر میں بظاہر نادیہ کا دفاع کیا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ملاقات ہونے پر میں خود نادیہ سے کئی باتیں پوچھنا چاہوں گی، وہ مجھ سے عمر میں چھوٹی ہیں اور نادیہ کی جس طرح ٹرولنگ ہو رہی ہے، اس کی بھی ایک حد ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لوگ گفتگو کے دوران بے ساختہ یا جذبات میں بہہ کر کچھ کہہ جاتے ہیں لیکن ایسے لمحات کو طویل عرصے تک جاری رہنے والی آن لائن تنقید کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
پریشے کی حالیہ کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے زور دیا کہ ڈیزائنر کی کامیابی تنازع کی نذر نہیں ہونی چاہیے۔
بشری انصاری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری توجہ پریشے کی کامیابی کے علاوہ کسی اور چیز پر نہیں ہونی چاہیے اور یہی ان کا انداز ہے، وہ منفرد انداز کے ساتھ منفرد کام کر رہی ہیں، وہ کوئی معمولی ملبوسات کی ڈیزائنر نہیں ہیں۔