تھانہ ٹھینگی کی حدود میں قبرستان سے میاں بیوی کی قبریں کھود کر انسانی اعضا نکالنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جس پر اہل علاقہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر قبروں کی بے حرمتی میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقامی قبرستان میں وفات پانے والے میاں بیوی کی قبریں کھودی گئیں اور ان میں سے انسانی اعضا نکال لیے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص کے قبضے سے انسانی ہڈیاں دانت اور سر کے بال برآمد ہوئے ہیں، جبکہ قبر کھودنے کے لیے استعمال ہونے والے اوزار بھی ملے ہیں۔ ملزم کے قبضے سے چاقو اور چھریاں بھی برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر آئس کے نشے کا عادی ہے اور اس سے قبل بھی قبروں کی بے حرمتی کے واقعات میں ملوث رہنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاہم ملزم کے خلاف سابقہ واقعات اور موجودہ واقعے میں اس کے کردار کی مکمل تصدیق تحقیقات کے بعد ہی ہو سکے گی۔
پولیس نے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ قبریں کس مقصد کے لیے کھودی گئیں اور انسانی اعضا نکالنے کے پیچھے اصل وجہ کیا تھی۔
واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی افراد نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں ملزم کے سابقہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا جائے اور اگر مزید افراد ملوث ہیں تو انہیں بھی قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ برآمد ہونے والے انسانی اعضا اور دیگر شواہد کو تحقیقات کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔