چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری سڑکوں کو محفوظ بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک افسران کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ٹریفک افسران کے اجلاس میں محفوظ روڈ محفوظ پنجاب کے ویژن پر بریفنگ دیتے ہوئے سی ٹی او لاہور نے سموگ اوورلوڈنگ، کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے شہر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے اور لین لائن ڈسپلن ہر صورت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے ون وے کی خلاف ورزی اور لین لائن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہیلمٹ انفورسمنٹ میں کمزوری سامنے آئی تو متعلقہ سیکٹر انچارج اور ڈی ایس پی جوابدہ ہوں گے۔
اجلاس میں پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مختلف مقامات پر شہریوں کی رہنمائی اور احتیاط کے لیے انتباہی بورڈز نصب کیے جائیں گے۔
سی ٹی او نے مال بردار گاڑیوں، ریت، مٹی اور بھوسہ لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بغیر ترپال ریت، مٹی یا بھوسہ لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر لوڈر گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے تمام کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی چیک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک افسران منظم اور محفوظ ٹریفک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
سی ٹی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کے حوالے سے آگاہی بھی بڑھائی جائے۔