پاکستانی صحافی اور میزبان ریحان طارق کو قبرستان میں پوڈکاسٹ ریکارڈ کرنا مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ریحان طارق نے حال ہی میں قبرستان میں ایک خصوصی پوڈکاسٹ ریکارڈ کیا، جس کی جھلک انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی۔ پوڈکاسٹ میں قبرستانوں سے منسلک پراسرار واقعات، کالے جادو اور معجزات جیسے موضوعات پر گفتگو کی جائے گی، تاہم اس کی مکمل قسط تاحال جاری نہیں کی گئی۔
قبرستان میں قبروں کے درمیان پوڈکاسٹ ریکارڈ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو متعدد صارفین نے اس عمل کو نامناسب قرار دیا۔ ایک صارف نے سوال کیا کہ پوڈکاسٹ ریکارڈ کرنے کے لیے کیا کوئی اور جگہ نہیں ملی، جبکہ ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم مرنے والوں کو سکون سے رہنے دیا جائے۔ متعدد صارفین نے قبرستان جیسے مقام پر پوڈکاسٹ ریکارڈ کرنے کو بے حسی اور نامناسب رویے سے تعبیر کیا۔