قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوٹلی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردانہ سازش ناکام بناتے ہوئے 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے جدید اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد پر ریاستی اداروں کے خلاف تخریب کاری اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے افراد میں گروہ کا سرغنہ ایاز صدیق بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ایاز صدیق کا ایک اعترافی بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں اس نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ چنارسنگھ میں ہونے والے ایک اجلاس کے بعد کوٹلی میں دھرنا دینے اور مختلف مقامات پر سڑکیں بند کرنے کے لیے دفاعی کمیٹیاں اور ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
بیان کے مطابق ان ٹیموں کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں جبکہ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کی صورت میں مزاحمت کے لیے اسلحہ اور بارودی مواد فراہم کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحے اور بارودی مواد کو بھی تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ برآمد شدہ اسلحہ کہاں سے حاصل کیا گیا، اس کے دیگر ساتھی کون ہیں اور مبینہ منصوبہ بندی میں مزید کون سے عناصر شامل تھے۔
کارروائی کے بعد تمام گرفتار مشتبہ افراد اور برآمد شدہ مواد سیکیورٹی اداروں کی تحویل میں ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے اور تحقیقات میں ملوث پائے جانے والے تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔