مالی پریشانیوں، کرایوں کے بقایاجات اور خراب رہائشی ماحول کا تعلق تیزی سے بڑھتی حیاتیاتی عمر سے سامنے آیا، ماہرین نے رہائشی تحفظ کی اہمیت پر زور دے دیا.
کرائے کے مکان میں رہائش، مالی ادائیگیوں میں تاخیر اور گھر کے خراب ماحول کو عموماً معاشی اور روزمرہ زندگی کے مسائل سمجھا جاتا ہے، لیکن ایک نئی تحقیق کے مطابق یہ عوامل انسانی صحت پر بھی گہرے اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔ برطانیہ میں ہونے والی تحقیق میں غیر مستحکم رہائشی حالات اور حیاتیاتی عمر کے تیزی سے بڑھنے کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔
یونیورسٹی آف ایسیکس اور یونیورسٹی آف ایڈیلیڈ کے محققین نے اس تحقیق میں رہائش اور انسانی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔ اس مقصد کے لیے کرائے کے مکان میں گزارے گئے عرصے، عمارت کی نوعیت، رہائشی اخراجات اور کرایے کے بقایاجات سمیت مختلف عوامل کا مطالعہ کیا گیا۔
شرکا کی حیاتیاتی عمر کا اندازہ لگانے کے لیے ڈی این اے میتھیلیشن سے متعلق پیمائشوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ ایک ایسا حیاتیاتی عمل ہے جس کی بنیاد پر جسم میں عمر رسیدگی سے وابستہ تبدیلیوں کا اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تحقیق کے نتائج میں کرائے کے مکان میں رہائش اور حیاتیاتی عمر کے تیزی سے بڑھنے کے درمیان نمایاں تعلق پایا گیا۔ محققین کے مطابق بعض تجزیوں میں اس تعلق کی شدت بے روزگاری یا سگریٹ نوشی سے وابستہ اثرات سے بھی زیادہ تھی۔
مطالعے میں رہائش کی سابقہ صورت حال کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ نتائج کے مطابق بار بار کرایے کے بقایاجات جمع ہونے اور رہائشی ماحول میں آلودگی یا دیگر مسائل کا سامنا کرنے کا تعلق بھی تیز حیاتیاتی عمر رسیدگی سے سامنے آیا۔
ماہرین واضح کرتے ہیں کہ حیاتیاتی عمر اور عام کیلنڈر کے مطابق عمر میں فرق ہوتا ہے۔ کیلنڈر کی عمر کسی شخص کے گزرے ہوئے سالوں کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ حیاتیاتی عمر جسم میں ہونے والی تبدیلیوں اور عمر رسیدگی کی رفتار کا اندازہ لگانے میں مدد دیتی ہے۔
تاہم محققین نے یہ ثابت نہیں کیا کہ کرائے کے مکان میں رہنا بذاتِ خود ہر شخص کی عمر بڑھنے کی رفتار تیز کردیتا ہے۔ تحقیق میں سامنے آنے والا تعلق اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ رہائشی عدم تحفظ اور اس سے جڑے مسائل صحت کے لیے اہم ہوسکتے ہیں۔
محققین کے مطابق کرایوں میں اضافے کو محدود کرنے، لوگوں کو مستحکم رہائش فراہم کرنے اور رہائشی حالات بہتر بنانے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات عوامی صحت کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
یہ تحقیق اس اہم نکتے کو اجاگر کرتی ہے کہ محفوظ اور مستحکم رہائش صرف معاشی ضرورت نہیں بلکہ انسانی صحت اور معیار زندگی کا بھی اہم حصہ ہے۔