بپاشا باسو کی 6 سال بعد اسکرین پر واپسی، نئی سیریز کی شوٹنگ شروع

بپاشا باسو کی 6 سال بعد اسکرین پر واپسی، نئی سیریز کی شوٹنگ شروع

بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو طویل عرصے بعد اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے ہدایت کار ہنسل مہتا کی نئی اسٹریمنگ سیریز کی شوٹنگ شروع کردی ہے، جسے پرائم ویڈیو پر ریلیز کیا جائے گا۔

پرائم ویڈیو کی نئی سیریز میں سنی کوشل اور وشال جیٹھوا بھی شامل، منشیات کی تجارت اور پولیس افسر کی جدوجہد کہانی کا مرکزی موضوع ہوگی

سیریز کے نام، بپاشا باسو کے کردار اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم اس منصوبے میں سنی کوشل اور وشال جیٹھوا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایک کرائم ڈراما سیریز ہے، جس کی کہانی ایک ایسے بظاہر پُرسکون قصبے کے گرد گھومتی ہے جہاں منشیات کی تجارت کا ایک بڑا مرکز بننے کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نانا پاٹیکر کی موت کی اصل وجہ کیا بنی؟  پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

سیریز میں سنی کوشل ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بدعنوانی سے دور رہتے ہوئے طاقتور عناصر کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔ اس دوران اسے ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو اس کے اصولوں، اخلاقی اقدار اور انسانیت کا امتحان لیتے ہیں۔

اس سیریز کی کہانی کشیپ کپور اور راگھو راج ککر نے لکھی ہے، جبکہ پروڈکشن کی ذمہ داری پربھلین سندھو نے اپنے ادارے الماٹی موشن پکچرز کے تحت سنبھالی ہے۔ بپاشا باسو اور وشال جیٹھوا کے کرداروں کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

بپاشا باسو نے اپریل 2016 میں اداکار کرن سنگھ گروور سے شادی کی تھی، جس کے بعد وہ فلموں میں کم نظر آئیں اور اپنی خاندانی زندگی پر توجہ مرکوز رکھی۔ نومبر 2022 میں ان کے ہاں بیٹی دیوی کی پیدائش ہوئی۔

اداکارہ اور ان کے شوہر کرن سنگھ گروور 2020 میں ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر ویب سیریز ’ڈینجرس‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ بپاشا کی آخری مکمل تھیٹر ریلیز فلم ’ایلون‘ تھی، جو جنوری 2015 میں سینما گھروں میں پیش کی گئی تھی۔ اب مداحوں کی نظریں بپاشا باسو کی نئی سیریز پر ہیں، جس میں ان کے کردار اور کہانی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

editor

Related Articles