فرانس کی سپر مارکیٹوں پر ہیکرز کے وار ، فریج 50 ڈگری تک گرم کر دیے گئے

فرانس کی سپر مارکیٹوں پر ہیکرز کے وار ،  فریج 50 ڈگری تک گرم کر دیے گئے

فرانس میں سائبر حملے کے ذریعے سینکڑوں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزر کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھا دیا گیا، جس کے نتیجے میں خوراک خراب ہوگئی اور بعض مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ 

اس حملے سے ملک کے کئی بڑے سپر مارکیٹ گروپس متاثر ہوئے، حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے  کے مطابق پیرس پراسیکیوٹر کے دفتر کا بتانا ہے  کہ فرانس بھر میں خوراک فروخت کرنے والے کئی بڑے اداروں کے منسلک ریفریجریشن سسٹمز کو بڑے پیمانے پر سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ،  حملے کے باعث خوراک ضائع ہونے کے ساتھ آگ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

ہیکرز نے اس حملے میں سپر مارکیٹس کے ڈیجیٹل ریفریجریشن سسٹمز (کولنگ سسٹمز) کو نشانہ بنایا اورانہیں ہیک کرکے ڈی فروسٹ موڈ پر لگا دیا، جس کی وجہ سے فریج اور فریزر کا درجہ حرارت بڑھ کر 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، گرمی کی شدت کے باعث گوشت، سبزیوں اور جمی ہوئی اشیا سمیت تمام تازہ خوراک اور فروزن پروڈکٹس خراب ہو گئیں، اور حفظان صحت کے اصولوں کے پیش نظر سپر مارکیٹ انتظامیہ کو لاکھوں یورو مالیت کا سارا کھانا ضائع کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں :ایک ہی دن میں 22 ارب ڈالر! ایلون مسک کی دولت کا گراف ایک کھرب ڈالر پار کر گیا

فرانسیسی وزیراعظم سباستیاں لیکورنو نے ملک کے قومی سائبر سیکیورٹی ادارے (اے این ایس ایس آئی) کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے ،  حکام یورپی ممالک کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا یہ حملہ دیگر ملکوں میں بھی ہوا ہے اور فرانس میں مزید کون سی کمپنیاں اس سے متاثر ہوسکتی ہیں۔

سائبر خطرات کا تجزیہ کرنے والے ادارے سیکوئیا کے سینئر تجزیہ کار فیلکس ایمے کے مطابق اسپین، پرتگال، پولینڈ، جرمنی اور بیلجیم میں بھی اس نوعیت کے حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔

تاحال اس حملے سے ہونے والے مجموعی مالی نقصان کا حتمی تخمینہ سامنے نہیں آیا، تاہم انٹرمارشے کے چیف ایگزیکٹو تھیری کوتیار نے فرانسیسی ٹی وی چینل کو بتایا کہ صرف ایک دن میں ملک بھر میں ہونے والے نقصانات کروڑوں یورو تک پہنچ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اگست کے اواخر میں ایک ایسا ہی واقعہ امریکا میں پیش آیا تھا جہاں تقریباً ایک درجن فوجی اسٹورز میں فریج متاثر ہونے کے باعث خوراک ضائع ہوگئی تھی۔

دوسری جانب نیدرلینڈز کی بڑی سپر مارکیٹ چین البرٹ ہائن کی مالک کمپنی اہولڈ ڈیلازیز نے اپنے نیٹ ورک میں سیکیورٹی مسئلے کی تصدیق کی ہے ،  کمپنی نے احتیاطی تدبیر کے طور پر اپنے کئی سسٹمز عارضی طور پر بند کردیے، صارفین کو بتایا گیا ہے کہ  سائبر سیکیورٹی واقعے کے باعث گروسری کی ڈیلیوری ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اس سال کا سب سے سستا نیا آئی فون کتنے کا ہے؟ قیمت جان کر حیران رہ جائینگے!

فرانس میں ریفریجریشن سسٹمز کو نشانہ بنانے والے سائبر حملے اور نیدرلینڈز میں رپورٹ ہونے والے سیکیورٹی مسئلے کے درمیان تعلق تاحال ثابت نہیں ہوسکا ، حکام کی تحقیقات سے یہ معلوم ہونے کا امکان ہے کہ ان واقعات کے پیچھے کون تھا، حملے کس طرح کیے گئے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات ضروری ہیں۔

editor

Related Articles