بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 7 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، جبکہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
واشک میں 5 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا گیا، جبکہ وہاں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مستونگ میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع مستونگ کے علاقے پرنگ آباد کے قریب بھی کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر بروقت آپریشن کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 104 افغان شہری گرفتار
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقوں دشت اور تربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی۔ کارروائی کے دوران 104 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر ایران اور یورپ جانے کی کوشش کررہے تھے۔
دہشت گردی اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی ذرائع نے بھی بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔