پی ٹی آئی کنکشن؟ کرک حملے میں مقامی سہولت کاروں کا شبہ، شاہد خٹک کے جلسوں میں شرکت کرنے والوں کی چھان بین

پی ٹی آئی کنکشن؟ کرک حملے میں مقامی سہولت کاروں کا شبہ، شاہد خٹک کے جلسوں میں شرکت کرنے والوں کی چھان بین

کرک میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردوں کو پیشگی معلومات دینے والے مقامی سہولت کاروں کی تلاش جارب خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں ڈی ایس پی سمیت چار پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعے کی تحقیقات میں دہشت گردوں کو پولیس کی نقل و حرکت سے متعلق پیشگی معلومات فراہم کیے جانے کا پہلو سامنے آیا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق سہولت کاری کرنے والوں کی سیاسی وابستگی پی ٹی آئی سے ہونے کا شبہ ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بات زیرِ تفتیش ہے کہ پولیس اہلکاروں کی علاقے میں نقل و حرکت سے متعلق معلومات مبینہ طور پر مقامی سہولت کاروں کے ذریعے دہشت گردوں تک پہنچائی گئیں۔

ابتدائی اطلاعات میں زیرِ تفتیش افراد کی سیاسی وابستگی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق ان افراد کے ماضی میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کے جلسوں میں شرکت کرنے کی اطلاعات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کرک میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید

تحقیقاتی حکام اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ پولیس اہلکاروں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے افراد کا پی ٹی آئی یا شاہد خٹک کے ساتھ کوئی باقاعدہ سیاسی تعلق تھا یا وہ محض ان کے ووٹرز یا جلسوں کے شرکا تھے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق زیرِ تفتیش افراد کی شناخت، ان کے روابط اور واقعے میں ممکنہ کردار سے متعلق شواہد کی جانچ پڑتال جاری ہے، سہولت کاروں کی شناخت اور سیاسی وابستگی کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واقعے میں مقامی سہولت کاری کے کردار اور اس سے متعلق دیگر پہلوؤں کی واضح تصویر سامنے آ سکے گی۔

editor

Related Articles