سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف دیا، جسے سری لنکن ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت مقررہ اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں جو روٹ 69، ول جیکس ناقابلِ شکست 66، ٹام بیٹن 50 اور بین ڈکٹ 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیاناگے اور ایستھا فرنینڈو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور 23 رنز کے مجموعے پر کمنڈو مینڈس اور کپتان کوشل مینڈس پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر اوشکا فرنینڈو اور پوون رتنا نائیکے نے 166 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
اوشکا فرنینڈو 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد داسن شناکا نے پوون رتنا نائیکے کا ساتھ دیا اور مجموعی اسکور 323 رنز تک پہنچا دیا۔ پوون رتنا نائیکے نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم وہ پویلین لوٹ گئے۔
دوسری جانب داسن شناکا نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 97 رنز بنائے اور 363 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جنیتھ لیاناگے نے برق رفتاری سے رنز بناتے ہوئے صرف 27 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور سری لنکا کو تاریخی فتح سے ہمکنار کر دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 3، سیم کرن نے 2 جبکہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیموں کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز جبکہ انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔