وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران عوامی ریلیف سے متعلق اہم اعلان متوقع ہے، جس کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اشارے دیے ہیں۔
حذیفہ رحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا اہم اعلان عوامی ریلیف سے متعلق ہوگا اور اس میں عوام کے لیے اچھی خبر متوقع ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران وزیراعظم کے اعلان کا انتظار کریں۔
معاون خصوصی کے مطابق اگر اس اعلان کی تشہیر کی جا رہی ہے تو ریلیف بھی اسی معیار کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اعلان ایسا ہوگا جس سے لوگوں کو حقیقی ریلیف کا احساس ہو۔
حذیفہ رحمان نے امکان ظاہر کیا کہ یہ اعلان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور مزید کمی بھی ممکن ہے۔ تاہم انہوں نے اعلان کی حتمی نوعیت واضح نہیں کی۔
عطا اللہ تارڑ کا بھی اہم اعلان کا اشارہ
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر وزیراعظم شہباز شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اہم اعلان کی طرف اشارہ کیاعطا اللہ تارڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے پاس اعلان کرنے کے لیے ایک اہم بات ہے اور وہ جلد خود اس کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ مزید تفصیلات کے لیے ان کے ساتھ جڑے رہیں۔
وزیر اطلاعات کے اس پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے شروع ہوگئے ہیں، جبکہ عوامی حلقوں میں یہ تجسس پایا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کس نوعیت کے ریلیف کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تاحال اعلان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، اس لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی یا کسی دوسرے ریلیف کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔