شاداب خان کی دھواں دار سنچری، پاکستان نے انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی

شاداب خان کی دھواں دار سنچری، پاکستان نے انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی

سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ شاداب خان نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور مشکل وقت میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا،پاکستانی ٹیم اس میچ میں خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے لیے گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتری۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے 242 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ تیسرے اوور میں جو روٹ بھی 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں اوور میں ہیری بروک رن آؤٹ ہوئے، جبکہ حارث رؤف نے انگلینڈ کی چوتھی وکٹ حاصل کی۔ اس طرح 52 رنز پر مہمان ٹیم کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :تاریخ رقم ! شاہین آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

مشکل صورت حال میں بین ڈکٹ نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 105 رنز کی اننگز کھیلی۔ سیم کرن نے 42 اور گس ایٹکنسن نے 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی 150 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے دو، دو جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی میں لڑکھڑا گئی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔ ایسے میں آٹھویں نمبر پر آنے والے شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

شاداب خان نے 96 گیندوں پر ناقابل شکست 113 رنز بنائے، جن میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ انہیں 97 رنز پر امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، تاہم ریویو لینے پر فیصلہ تبدیل ہوگیا اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسری جانب حارث رؤف نے آخری وکٹ پر شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے آخری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑ کر پاکستان کو ایک وکٹ سے یادگار فتح دلائی۔ حارث رؤف 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شاداب خان کی یہ سنچری نہ صرف ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی بلکہ اس نے پاکستان کو ایک ایسے میچ میں کامیابی دلائی جس میں شکست کے امکانات نمایاں دکھائی دے رہے تھے۔

editor

Related Articles