24 اکتوبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران نائیک غلام مرتضیٰ، عمر 36 سال، ضلع گجرات کے رہائشی، اور سپاہی تاثیر احمد عمر 30 سال، ضلع تلہ گنگ کے رہائشی، بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل کی کارروائیوں میں ملوث رہے تھے،علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کی ہدایات کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ شہداء کی قربانیاں ملک کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔