پی ٹی آئی کے اندھیر نگری چوپٹ راج کے خاتمے پر لوگ خوش،بشام میں امیر مقام کا جلسہ، عوام  کا جم غفیر امڈ آیا

پی ٹی آئی کے اندھیر نگری چوپٹ راج کے خاتمے پر لوگ خوش،بشام میں امیر مقام کا جلسہ، عوام  کا جم غفیر امڈ آیا

 خیبر پختونخوا میں ایمر جنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد لوگ خوش ہیں جسکا عملی مظاہرہ بشام جلسے میں نظر آیا،جہاں پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام سیاسی محاذ آرائی سے تنگ آچکے ہیں اور صوبے میں امن، ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی چاہتے ہیں،گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے اور عوام جلد نمایاں تبدیلی دیکھیں گے۔

بشام، ضلع شانگلہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے سابقہ صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے طویل دورِ اقتدار میں صوبے کو بدانتظامی اور کرپشن جیسے مسائل کا سامنا رہا، جبکہ اب مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرکے قومی و عوامی وسائل کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے جلسے میں شریک افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ عوام سیاسی انتشار کے بجائے امن اور ترقی کو ترجیح دیتے ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بشام آکر جلسے میں شریک لوگوں کی تعداد اور جوش و جذبہ خود دیکھیں۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور ،پی ٹی آئی جلسہ ناکام ، عوام نے (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ سنا دیا:عظمیٰ بخاری

امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست کو مسترد کردیا ہے  سابقہ حکومت کے خاتمے کے بعد عوام نے اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف علاقوں میں مٹھائیاں تقسیم کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طویل مذاکرات کے باوجود عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوئی قابلِ عمل منصوبہ سامنے نہیں آسکا۔ ان کا  کہنا تھا کہ صوبے کے شہری اب سیاسی نعروں کے بجائے امن، روزگار، ترقی اور بنیادی سہولتوں میں بہتری چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، تاہم عوامی وسائل کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات اور احتساب کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ تعلیم، صحت، روزگار اور عوام کو درپیش مسائل کے حل پر مرکوز ہے۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوامی محرومیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی ، صوبے میں امن و امان کی بحالی اور بہتر انتظامی نظام قائم کرنا بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

editor

Related Articles