اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 267 مشتبہ افراد گرفتار، منشیات اور غیرقانونی اسلحہ برآمد

اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 267 مشتبہ افراد گرفتار، منشیات اور غیرقانونی اسلحہ برآمد

وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں 267 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات، غیرقانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد، کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے مختلف سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 267 افراد کو حراست میں لیا۔

گرفتار ملزمان میں 180 عدالتی مفرور، اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ افراد شامل ہیں، جبکہ 87 ملزمان کو منشیات فروشی اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 7 ہزار 72 گرام آئس، 4 ہزار 533 گرام چرس، 3 ہزار 670 گرام ہیروئن، شراب کی 33 بوتلیں، پانچ خنجر اور مختلف بور کے 47 پستول برآمد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی چھٹیوں پر پابندی عائد

دوسری جانب جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے زونل ایس پیز کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 2 ہزار 482 افراد، 919 گھروں، 324 دکانوں، 122 ہوٹلوں، ایک ہزار 355 موٹر سائیکلوں اور 547 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی،مزید تصدیق کے لیے 95 مشتبہ افراد اور 128 موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کے لیے سرچ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ’’نو ٹو ویپن‘‘ مہم کے تحت غیرقانونی اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش کرنے اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ اشتہاری ملزمان، سابقہ ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ افراد اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ سرچ آپریشنز کے دوران چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے، تاہم شہریوں کی عزتِ نفس کا خیال رکھا جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

علی وسیم نے کہا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور شہریوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے جرائم کی روک تھام کی جاسکے۔

editor

Related Articles