سونے کی تلاش سے شادی کی پیشکش تک، امریکی نوجوان کی انوکھی محبت کی داستان

سونے کی تلاش سے شادی کی پیشکش تک، امریکی نوجوان کی انوکھی محبت کی داستان

محبت میں کچھ لوگ مہنگے تحائف خریدتے ہیں، لیکن امریکی ریاست کولوراڈو کے ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے ایسا منفرد طریقہ اپنایا کہ اس کی کہانی سب کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

کولوراڈو کے رہائشی جیک ولکانی نے اپنی گرل فرینڈ جوآن کو منگنی کی انگوٹھی دینے کے لیے بازار سے سونا خریدنے کے بجائے خود سونا تلاش کرنے کا فیصلہ کیا۔

جیک نے کئی ماہ تک کولوراڈو کے مختلف دریاؤں میں سونے کے چھوٹے چھوٹے ذرات تلاش کیے۔ مسلسل محنت کے بعد جب ان کے پاس کافی سونا جمع ہوگیا تو وہ اسے مقامی سنار زیک ایلن کے پاس لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:پانی پر موٹر سائیکل! چینی رائیڈر کا ناممکن کو ممکن بنانے کا سنسنی خیز عالمی ریکارڈ

سنار نے اس سونے کو پگھلا کر ایک خوبصورت منگنی کی انگوٹھی تیار کردی۔ سنار کے مطابق، یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد تجربہ تھا۔

محبت کا سرپرائز دیکھ کر محبوبہ جذباتی ہوگئیں

انگوٹھی تیار ہونے کے بعد جیک نے اپنی محبوبہ جوآن کو ہائیکنگ پر لے جانے کا منصوبہ بنایا۔ وہاں انہوں نے اپنے موبائل فون پر سونا تلاش کرنے کی ویڈیو دکھائی۔

ابتدا میں جوآن کو سمجھ نہیں آیا کہ اس ویڈیو کا ان کی منگنی سے کیا تعلق ہے، لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ جیک نے کئی ماہ کی محنت سے خود سونا جمع کیا تھا تاکہ اسی سے ان کے لیے انگوٹھی بنوائی جا سکے، تو وہ جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔

جیک کے مطابق، ان کا مقصد صرف اپنی محبوبہ کے لیے ایک ایسا یادگار لمحہ تخلیق کرنا تھا جسے وہ زندگی بھر نہ بھول سکیں۔ یہ کہانی ظاہر کرتی ہے کہ محبت میں تحفے کی قیمت سے زیادہ اہمیت اس کوشش، وقت اور خلوص کی ہوتی ہے جو کسی اپنے کے لیے صرف کیا جائے۔

editor

Related Articles