واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری جاری ہے، جس کے ذریعے نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کے بارے میں فیصلہ کرنا آسان ہو جائے گا۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین کال اٹھانے سے پہلے یہ جان سکیں گے کہ کال کرنے والا کس مقصد کے لیے رابطہ کر رہا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق خبروں کی ویب سائٹ وابیٹا انفوکی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کال اسکریننگ کے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے۔ اس کا مقصد غیر ضروری اور نامعلوم کالز سے نمٹنے کے لیے صارفین کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔
نئے فیچر میں کون سے آپشنز ہوں گے؟
رپورٹ کے مطابق، اس فیچر کے تحت واٹس ایپ کی پرائیویسی سیٹنگز میں کال اسکریننگ سے متعلق 3 آپشنز شامل کیے جا سکتے ہیں۔
پہلا آپشن، کال فلٹرنگ بند کرنا
اس آپشن کے ذریعے صارفین کال فلٹرنگ کو بند رکھ سکیں گے، جس سے آنے والی کالز معمول کے مطابق موصول ہوں گی۔
دوسرا آپشن، نامعلوم کالز کو خاموش کرنا
اس آپشن کے تحت نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کی گھنٹی نہیں بجے گی، تاہم کالز واٹس ایپ کے کالز ٹیب میں نظر آئیں گی اور ان کی اطلاع بھی دستیاب ہوگی۔
یہ اس فیچر کا سب سے اہم حصہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس آپشن کو فعال کرنے پر واٹس ایپ نامعلوم نمبر سے آنے والی کال کا خودکار جواب دے کر کال کرنے والے سے رابطے کا مقصد پوچھ سکے گا۔
اس کے بعد کال کرنے والے کے جواب کی تحریری تفصیل، یعنی ٹرانسکرپٹ، صارف کو فراہم کی جائے گی۔ اس معلومات کو دیکھ کر صارف فیصلہ کر سکے گا کہ کال کا جواب دینا مناسب ہے یا نہیں۔
فیچر کب دستیاب ہوگا؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ فیچر ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور فی الحال بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں۔ کمپنی کی جانب سے اس کی حتمی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اگر یہ فیچر متعارف کرایا جاتا ہے تو اس سے صارفین کو نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو بہتر انداز میں سنبھالنے اور غیر ضروری رابطوں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔