2 نومبر تک انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ، وجہ کیا ہے

2 نومبر تک انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ، وجہ کیا ہے

پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو 2 نومبر 2026 تک مصروف اوقات میں سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل اے اے ای 1 پر ہنگامی مرمت کا کام جاری ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق مرمت کا کام 27 اکتوبر سے اٹلی اور فرانس کے درمیان کیبل کے حصے پر شروع کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس دوران خاص طور پر انٹرنیٹ کے زیادہ استعمال کے اوقات میں صارفین کو سروس کے معیار میں معمولی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کمپنی نے صارفین سے مرمت کے دوران تعاون اور صبر کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ پر کال اٹھانے سے پہلے ملے گی اہم معلومات، نیا فیچر کیا کرے گا

پاکستان کے انٹرنیٹ کے لیے یہ کیبل کیوں اہم ہے؟

ایشیا، افریقہ اور یورپ کو ملانے والا اے اے ای1 سب میرین کیبل سسٹم پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے اہم راستوں میں شامل ہے۔ تقریباً 25 ہزار کلومیٹر طویل یہ کیبل جنوب مشرقی ایشیا کو مصر کے راستے یورپ سے منسلک کرتی ہے، جبکہ پاکستان میں اس کا کنکشن کراچی کے ذریعے قائم ہے۔

چونکہ موجودہ مرمت یورپ کی جانب کیبل کے حصے پر ہو رہی ہے، اس لیے یورپ میں موجود سرورز سے منسلک ویب سائٹس اور آن لائن سروسز استعمال کرنے والے صارفین کو، خصوصاً شام کے مصروف اوقات میں، سست رفتار محسوس ہو سکتی ہے۔

اس سے پہلے بھی انٹرنیٹ متاثر ہوچکا ہے

جنوری 2025 میں قطر کے قریب اسی سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی تھی۔ اس وقت صارفین کو تقریباً 2 ہفتوں تک مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پی ٹی سی ایل نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ موجودہ مرمت کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے اضافی متبادل بینڈوڈتھ استعمال کی جائے گی یا نہیں۔

editor

Related Articles