بدلتا سنورتا خیبر پختونخوا ! گورنر راج کے بعد اضلاع میں صحت کا نظام بدلنے لگا، لکی مروت میں عملی اقدامات کا آغاز

بدلتا سنورتا خیبر پختونخوا !  گورنر راج کے بعد اضلاع میں صحت کا نظام بدلنے لگا، لکی مروت میں عملی اقدامات کا آغاز

حقیقی تبدیلی کا آغاز ، خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو صحت کی بہتر، جدید اور بلاتعطل سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

 صوبائی انتظامیہ کی جانب سے بنیادی اور ثانوی صحت کے مراکز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اضلاع کی سطح پر نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے، اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لکی مروت، شاہد رفیق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) اسپتال نورنگ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کے طبی و انتظامی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر شاہد رفیق نے دورے کے دوران ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی (OPD)، ادویات کے اسٹورز اور آپریشن تھیٹر سمیت اسپتال کے تمام اہم شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مفت ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اسپتال میں موجود طبی آلات، صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال اور ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا ریکارڈ بھی خود چیک کیا۔

مفت ادویات اور علاج کی فراہمی کی سخت ہدایات

اسپتال انتظامیہ اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام آنے والے مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر علاج معالجے کی بہترین سہولیات دی جائیں ، مفت ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

گورنر راج کے بعد عوامی خدمات کی بحالی کا عزم

خیبرپختونخوا کے حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد سے تمام سرکاری اداروں، بالخصوص محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت اس عزم پر کاربند ہے کہ دور دراز اور پس ماندہ اضلاع کے عوام کو ان کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات میسر کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈی آئی خان میں قبضہ مافیا کے قدم اکھڑ گئے، تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن جاری، اربوں کی اراضی واگزار

لکی مروت سمیت کے پی کے دیگر تمام اضلاع میں اسپتالوں کی سرپرائز انسپکشن کا یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا تاکہ انتظامی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے اور عام آدمی کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن ہو۔

editor

Related Articles