خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کی بحالی کی جانب پیش رفت، الیکشن کمیشن نے انتخابات کا حکم دے دیا

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کی بحالی کی جانب پیش رفت، الیکشن کمیشن نے انتخابات کا حکم دے دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ ونگ کو انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ جن اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں، وہاں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، جبکہ دیگر اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کے لیے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کی بنیاد پر انتخابی عمل آگے بڑھایا جائے۔

حکم نامے کے مطابق جن اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے، وہاں انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا، جبکہ جن اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل نہیں ہوئیں، وہاں پہلے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل میں درپیش رکاوٹیں دور کرکے بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:احتجاج اور حکومت مخالف بیانیے سے بات نہ بنی تو مذاکرات کا راستہ اختیار، پی ٹی آئی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے نام سامنے آگئے

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 قبائلی اضلاع میں فی الحال حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔ ان اضلاع میں انتخابی عمل سے متعلق موجودہ صورت حال برقرار رہے گی۔

فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل حلقہ بندیوں کی تکمیل اور انتخابی شیڈول سے منسلک ہوگیا ہے۔ متعلقہ ونگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فیصلے کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ ان اضلاع میں انتخابات کا عمل آگے بڑھایا جاسکے جہاں حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles