گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری، معیاری تعلیمی اداروں کے قیام اور نوجوانوں کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبے میں ایبٹ آباد پبلک اسکول جیسے مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئیں تاکہ نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے یہ بات ایبٹ آباد پبلک اسکول کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مشیر تعلیم سید عامر عبداللہ، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم، اسکول کے پرنسپل اختر قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
گورنر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ان کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، اس لیے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ صوبے کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور معیاری اداروں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
فیصل کریم کنڈی نے ایبٹ آباد پبلک اسکول کی تعلیمی خدمات اور نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ادارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پبلک اسکول کا شمار نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے نمایاں تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، ایسے اداروں کی سرپرستی اور کارکردگی میں مزید بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکول کے انتظامی امور اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی اور پیش رفت کے حوالے سے انہیں ہر ماہ آگاہ کیا جائے تاکہ مسائل کے حل اور تعلیمی معیار میں بہتری کے اقدامات کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری تعلیم اور اسکول کے پرنسپل نے گورنر کو ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات، کامیابیوں، بجٹ اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر نے مشیر تعلیم کو اسکول کے مسائل حل کرنے میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے انہیں اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے ایبٹ آباد پبلک اسکول کا جلد دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اسکول کے پرنسپل نے گورنر کو ادارے کی یومِ والدین کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
گورنر کے مطابق صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ، تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی