پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے مذاکرات اور پارلیمانی معاملات چلانے کے لیے مجوزہ چھ رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے باقی چار ارکان کے نام بھی سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں بیرسٹر گوہر، چیف وہپ عامر ڈوگر، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر اور پیر نور الحق قادری کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے حکومت سے مذاکرات اور پارلیمانی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے چھ رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی تھی۔ مجوزہ کمیٹی میں دو ارکان قومی اسمبلی اور دو سینیٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو اس کی سربراہی کی ذمہ داری دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی مستقبل میں وزیراعظم سے ملاقات اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے معاملات سنبھالے گی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے صرف محمود خان اچکزئی یا علامہ راجا ناصر عباس ہی نہیں جائیں گے بلکہ کمیٹی اجتماعی طور پر ان امور کو آگے بڑھائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اسٹیئرنگ کمیٹی کو روزمرہ کے پارلیمانی اور سیاسی معاملات چلانے میں خودمختاری حاصل ہوگی، تاکہ حکومت سے رابطوں، مذاکرات اور دیگر متعلقہ امور پر فیصلے کرنے کے لیے ہر معاملے میں الگ سے قیادت سے رجوع نہ کرنا پڑے۔
کمیٹی کے قیام کا مقصد حکومت کے ساتھ مذاکرات اور پارلیمانی معاملات کے لیے ایک مشترکہ فورم تشکیل دینا ہے، جس کے ذریعے اہم امور پر رابطہ کاری اور آئندہ کے لائحہ عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔ تاہم کمیٹی کے ارکان کے نام فی الحال ذرائع کی جانب سے مجوزہ فہرست کے طور پر سامنے آئے ہیں۔