پاکستان میں نئے صوبوں کی تشکیل کا معاشی، انتظامی اور سیاسی معاملہ ہمیشہ سے بحث و مباحثے کا مرکز رہا ہے، ایک طرف جہاں عوام کی بڑھتی ہوئی آبادی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، وہاں دوسری طرف سیاسی جماعتوں خاص طور پر پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور ذاتی مفادات سے متعلق آخر عوام کی رائے کیا ہے ؟ آزاد ڈیجیٹل کی اس رپورٹ میں ہم آپ کو بتائیں گے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی منافقانہ سیاسی پالیسیوں پر سرائیکی وسیب اور ملتان کے شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تنقید کے تیر چلا دیے ہیں ، آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں شہریوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے تحت “ZIG ZAG” کی سیاست کرتی چلی آ رہی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی یہ منافقانہ ڈرامے بازی اور دوغلا پن فوری بند کرے۔
پی پی پی ہر حکومت کی ’بی ٹیم‘
ملتان کے شہریوں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا واحد مقصد کسی بھی قیمت پر اقتدار کے مزے لینا ہے ، مرکز میں جو بھی پارٹی حکومت بناتی ہے، پیپلز پارٹی فوراً اپنے تمام اصول بالائے طاق رکھ کر اس کی ’بی ٹیم‘ بن کر کھڑی ہو جاتی ہے اور اقتدار سے چپک جاتی ہے ، اصولوں اور جمہوریت کے تمام دعوے صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہیں۔
سندھ میں صوبوں کی مخالفت ، پنجاب میں سیمینارز
شہریوں نے پیپلز پارٹی کے متضاد بیانیے کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں جہاں یہ دہائیوں سے براجمان ہیں، وہاں یہ نئے صوبوں کی بات تک سننے کو تیار نہیں لیکن پنجاب میں آ کر نئے صوبوں کے قیام پر سیمینارز کروانا ان کے کھلے دوغلے پن اور سستی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اگر واقعی نئے صوبوں کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ پہلے اپنے صوبے سندھ کی بدحالی پر رحم کریں سندھ ایک بہت بڑا صوبہ ہے، وہاں کے عوام کو سہولیات دینے کے لیے کم از کم 12 صوبے بنائے جائیں۔”
اجارہ داری ختم ہونےکا خوف اور عوام کی محرومیاں
ملتانی شہریوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کو صرف اس بات کا ڈر ہے کہ اگر سندھ میں نئے صوبے بن گئے تو ان کی برسوں پرانی سیاسی اجارہ داری اور شاہانہ حکمرانی کا سورج ڈھل جائے گا ، کیونکہ نئے صوبوں سے وسائل تقسیم ہونگے یہی وجہ ہے کہ وہ سندھ کے عوام کو بنیادی حقوق اور روزگار سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔
شہریوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے مقامی سطح پر مساوات آئے گی، معیشت بہتر ہو گی اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا، پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ وہ اپنی سیاسی دوکانداری چمکانا بند کرے، کیونکہ عوام اب ان کے اس دوغلے بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔
🚨پیپلز پارٹی ہمیشہ ZIG ZAG کرتی ہے، پیپلز پارٹی اپنی منافقانہ سیاست چھوڑے ، جو پارٹی بھی حکومت بناتی ہے پیپلز پارٹی اس کے ساتھ کھڑے ہو جاتی ہے، سندھ میں صوبوں کی مخالفت کرتی ہے اور پنجاب میں نئے صوبوں پر سیمنار کرنا دوغلا پن ہے، ملتان شہری https://t.co/whCSgPC9M1
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) October 28, 2026


