سونے کی قیمت میں ایک روزہ وقفے کے بعد ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر کی صرافہ مارکیٹس میں قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 3,500 روپے کے اضافے سے بڑھ کر 4 لاکھ 25 ہزار 636 روپے ہو گئی ہے، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار ایک روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 64 ہزار 914 روپے پر جا پہنچی ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی تیزی
صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، فی تولہ چاندی 61 روپے مہنگی ہونے کے بعد 5 ہزار 854 روپے کی ہو گئی ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کی اڑان
مقامی صرافہ مارکیٹ کے ساتھ ساتھ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے، عالمی منڈی میں فی اونس سونا 35 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 31 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔
اس تازہ اضافے کے ساتھ ہی عالمی منڈی میں سونے کی 4 ہزار ڈالر فی اونس کی انتہائی اہم نفسیاتی سطح دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔
سونے اور چاندی کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں، ڈالر کی قدر اور مقامی صرافہ مارکیٹ کی صورت حال کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ اس لیے زیورات کی خریداری یا سرمایہ کاری کرنے والے صارفین کو تازہ ترین نرخ معلوم کرنے کے بعد ہی فیصلہ کرنا چاہیے۔