اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ایس ایم ای کنیکٹ متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد کاروباری افراد کے لیے بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پلیٹ فارم ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام کے طور پر کام کرے گا، جہاں ایس ایم ایز بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (DFIs) کو قرض کی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایس ایم ای کنیکٹ کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو قرض کے حصول کے لیے مختلف بینکوں سے رابطہ کرنے کے بجائے ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر درخواست دینے کی سہولت ملے گی۔ اس نظام سے قرض کی درخواستوں کے عمل میں بہتری آئے گی اور فنانسنگ تک رسائی، کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔
نئے پلیٹ فارم کی ایک اہم سہولت یہ ہے کہ درخواست گزار اپنی قرض کی درخواست کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرسکیں گے۔اگر کسی درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے تو درخواست گزار کو اس کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جائے گا، جس سے کاروباری افراد کو اپنی درخواست میں موجود خامیوں کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
اسٹیٹ بینک کو بھی ملے گا براہ راست ڈیٹا
ایس ایم ای کنیکٹ میں ایک لائیو ڈیش بورڈ بھی شامل ہوگا، جس کے ذریعے اسٹیٹ بینک قرض کی درخواستوں سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرسکے گا۔
اس ڈیش بورڈ پر موصول ہونے والی، زیرِ کارروائی، منظور شدہ، جاری کردہ اور مسترد شدہ درخواستوں کا ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ یہ معلومات انفرادی بینکوں اور مجموعی مالیاتی شعبے کی سطح پر دیکھی جاسکیں گی۔
یکم نومبر سے درخواستوں کا نیا طریقہ
اسٹیٹ بینک کے اعلان کے مطابق یکم نومبر 2026 سے ایس ایم ای قرضوں کی تمام درخواستیں صرف ایس ایم ای کنیکٹ کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔
اس کے بعد بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کی شاخوں یا ویب سائٹس پر قرض کے لیے درخواست دینے والے کاروباری افراد کو اسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ اس اقدام سے چھوٹے کاروباروں کے لیے قرض کے حصول کا عمل زیادہ منظم اور قابلِ نگرانی بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔