موبائل ہیک کرنے کا نیا طریقہ سامنے آگیا، صرف اشتہار دیکھنا بھی خطرناک

موبائل ہیک کرنے کا نیا طریقہ سامنے آگیا، صرف اشتہار دیکھنا بھی خطرناک

پاکستان کے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ بعض سائبر حملوں میں صرف آن لائن اشتہار لوڈ ہونے سے بھی موبائل فون اسپائی ویئر کا نشانہ بن سکتا ہے۔

نیشنل سرٹ کی تازہ ایڈوائزری کے مطابق سائبر حملہ آور ڈیجیٹل اشتہاری نیٹ ورکس کو استعمال کرتے ہوئے موبائل فونز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس حملے کے لیے صارف کو کسی مشکوک لنک پر کلک کرنے، فائل کھولنے یا کوئی دوسری کارروائی کرنے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔

کیا ہے ایڈفیکشن ؟

ایڈوائزری میں ایڈفیکشن نامی سائبر حملے کی تکنیک کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس طریقے میں حملہ آور آن لائن اشتہارات کے نظام کا غلط استعمال کرکے صارفین کی معلومات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور ویب سائٹس یا موبائل ایپس پر دکھائے جانے والے اشتہارات کے ذریعے جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والا اسپائی ویئر پہنچا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قلات، جدید ترین ٹیکنالوجی سے دہشتگردوں کی ڈرون حملے کی کوشش ناکام، فورسز نے آپریٹر کو موقع پر ہی ڈھیر کردیا

یہ وارننگ 15 اکتوبر 2026 کو سائبر سیکیورٹی ادارے سٹیزن لیب کی شائع کردہ تحقیق کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔ تحقیق کے مطابق پاکستان بھی اس اشتہاری مہم کے ذریعے اسپائی ویئر حملوں کا نشانہ بننے والے ممالک میں شامل تھا۔

سٹیزن لیب نے اپنی تحقیق میں ایسے شواہد بھی پیش کیے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ الجزیرہ کے بعض آلات کو اسی طریقے سے کینڈیرو  اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور متاثر کیا گیا۔

موبائل صارفین کا کون سا ڈیٹا خطرے میں ہوسکتا ہے؟

نیشنل سرٹ کے مطابق اگر اسپائی ویئر کسی ڈیوائس میں کامیابی سے داخل ہوجائے تو اس کے ذریعے صارف کی نجی گفتگو، تصاویر، فائلز، اکاؤنٹس کے پاس ورڈز اور دیگر حساس معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ موبائل کی غیر مجاز نگرانی، ڈیوائس پر کنٹرول حاصل کرنے اور سرکاری، کاروباری، تحقیقی اور صحافتی معلومات افشا ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ صرف کوئی اشتہار نظر آنے کا مطلب یہ نہیں کہ موبائل فون لازماً ہیک یا متاثر ہوچکا ہے۔ خطرے کی شدت ڈیوائس کے سافٹ ویئر، سیکیورٹی خامیوں اور استعمال ہونے والے اسپائی ویئر کی صلاحیتوں پر منحصر ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:2036 میں دولت بے معنی ہوجائے گی؟ ایلون مسک نے کیا پیشگوئی کردی

موبائل کو اسپائی ویئر سے کیسے محفوظ رکھیں؟

نیشنل سرٹ نے صارفین کو چند اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے:

  1. موبائل کا آپریٹنگ سسٹم، براؤزر اور ایپس ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں۔

  2. ایسے موبائل فون استعمال کریں جنہیں باقاعدگی سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس ملتی ہوں۔

  3. ایپس صرف قابل اعتماد ذرائع سے ڈاؤن لوڈ کریں۔

  4. اہم آن لائن اکاؤنٹس پر ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن فعال کریں۔

اداروں کو اشتہارات روکنے والے ٹولز اور براؤزر سیکیورٹی فیچرز استعمال کرنے، سیکیورٹی لاگز محفوظ رکھنے اور مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی مضبوط بنانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

نیشنل سرٹ کے مطابق اگر کسی ڈیوائس میں اسپائی ویئر کی سرگرمی یا سائبر حملے کے قابل اعتماد شواہد ملیں تو انہیں ادارے کے سرکاری سائبر انسیڈنٹ رپورٹنگ نظام کے ذریعے رپورٹ کیا جاسکتا ہے۔

editor

Related Articles