بالی وڈ اداکارہ نورا فتحی کو 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کیس میں نئی قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے انہیں استغاثہ کے گواہ کے طور پر طلب کرتے ہوئے 2 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نورا فتحی کا نام اس مقدمے میں جمع کرائی گئی تیسری ضمنی چارج شیٹ میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر شامل ہے۔
سکیش چندرشیکھر پر 200 کروڑ روپے وصول کرنے کا الزام
یہ مقدمہ مبینہ نوسرباز سکیش چندرشیکھر سے متعلق ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے 2020 اور 2021 کے دوران دہلی کی روہنی جیل میں قید ہونے کے باوجود خود کو اعلیٰ سرکاری عہدیدار ظاہر کیا۔
استغاثہ کے مطابق سکیش چندرشیکھر نے سابق رینبیکسی پروموٹر شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ آدیتی سنگھ سے تقریباً 200 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔ مبینہ طور پر اس نے رقم کے بدلے ان کے شوہر کو جیل سے رہا کروانے کا وعدہ کیا تھا۔
دہلی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ نے تحقیقات کے بعد مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) کے تحت چارج شیٹ جمع کرائی تھی۔
نورا فتحی سے پہلے بھی پوچھ گچھ ہوچکی ہے
نورا فتحی سے اس سے قبل سکیش چندرشیکھر اور ان کی اہلیہ لینا ماریا پالوس سے مبینہ تعلق کے حوالے سے بھی تفتیش کی جاچکی ہے۔
پولیس نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اداکارہ کا بیان بھی ریکارڈ کیا تھا۔ نورا فتحی نے تفتیش کاروں کو بتایا تھا کہ سکیش چندرشیکھر سے ان کا رابطہ اس کی اہلیہ کے ذریعے ہوا تھا۔
اداکارہ سے دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ نورا فتحی کو اس مقدمے میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر طلب کیا گیا ہے، انہیں ملزم قرار نہیں دیا گیا۔