کیا بل گیٹس سورج کی روشنی روک کر زمین کو ٹھنڈا کرنا چاہتے ہیں؟ نئی تحقیق سامنے آگئی

کیا بل گیٹس سورج کی روشنی روک کر زمین کو ٹھنڈا کرنا چاہتے ہیں؟ نئی تحقیق سامنے آگئی

مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور ارب پتی کاروباری شخصیت بل گیٹس موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک ایسی تحقیق کی مالی معاونت کررہے ہیں جس کا مقصد سورج کی روشنی کا کچھ حصہ زمین تک پہنچنے سے روک کر عالمی درجہ حرارت کم کرنا ہے۔

اس طریقے کو سولر جیو انجینئرنگ کہا جاتا ہے۔ اس کے تحت فضا کی بلندی پر انتہائی باریک عکاس ذرات چھوڑنے کی تجویز دی گئی ہے، جو سورج کی کچھ روشنی کو واپس خلا میں منعکس کرسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس عمل کا اثر کسی بڑے آتش فشاں پھٹنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال جیسا ہوسکتا ہے، جب فضا میں موجود ذرات سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے جزوی طور پر روک دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:موبائل ہیک کرنے کا نیا طریقہ سامنے آگیا، صرف اشتہار دیکھنا بھی خطرناک

تحقیق کے لیے مالی معاونت کون کررہا ہے؟

بل گیٹس ہارورڈ یونیورسٹی کے سولر جیو انجینئرنگ ریسرچ پروگرام کے معاونین میں شامل ہیں، جس کا آغاز 2017 میں ہوا تھا۔ اس پروگرام کو ہیولٹ فاؤنڈیشن اور الفریڈ پی سلون فاؤنڈیشن سمیت دیگر اداروں کی مالی معاونت بھی حاصل ہے۔ تاہم اس شعبے میں بل گیٹس کی جانب سے فراہم کی گئی مجموعی رقم کی مکمل تفصیلات عوامی سطح پر دستیاب نہیں ہیں۔

اس پروگرام کے تحت ایس کوپ ایکس نامی ایک تجربے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی، جس میں ایک بلندی پر پرواز کرنے والے غبارے کے ذریعے فضا میں محدود مقدار میں ذرات چھوڑ کر ان کے اثرات کا مطالعہ کرنا تھا۔

تاہم عوامی تنقید اور مسلسل تاخیر کے بعد ہارورڈ یونیورسٹی نے مارچ 2024 میں اس تجربے کو ختم کردیا۔ اس کے باوجود پروگرام کے تحت دیگر تحقیقی سرگرمیاں جاری ہیں۔

بل گیٹس کا مؤقف کیا ہے؟

بل گیٹس نے اس ٹیکنالوجی پر تحقیق اور اسے عملی طور پر استعمال کرنے کے درمیان فرق واضح کیا ہے۔

ایکسیوس کو دسمبر 2025 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی حمایت صرف اس صورت میں کریں گے جب دنیا موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک موڑ تک پہنچ جائے۔ ان کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات حاصل کرنا مستقبل میں مفید ثابت ہوسکتا ہے، تاہم وہ دنیا کو اس راستے پر لے جانے کے حامی نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اے آئی نے انسانوں کے بارے میں کیا رائے قائم کرلی؟ 14 ماڈلز کے حیران کن نتائج

بل گیٹس نے اس حوالے سے دو بڑے خدشات بھی بیان کیے۔ پہلا یہ کہ اگر دنیا درجہ حرارت کم کرنے کے لیے اس طریقے پر انحصار کرنے لگی تو فوسل فیول یعنی کوئلہ، تیل اور گیس کا استعمال کم کرنے کی کوششیں سست پڑ سکتی ہیں۔

دوسرا خدشہ یہ ہے کہ سائنس دان ابھی مکمل طور پر نہیں جانتے کہ فضا میں ان ذرات کی موجودگی بارشوں، خشک سالی اور مختلف علاقوں کے موسم پر کیا اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

سورج کی روشنی روکنے کے ممکنہ نقصانات

سولر جیو انجینئرنگ کے ناقدین اور بعض سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی کو مصنوعی طور پر کم کرنے کے غیر متوقع نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

ان میں اوزون کی تہہ کو نقصان، فضائی آلودگی میں اضافہ اور مختلف خطوں میں موسم کے معمولات میں تبدیلی شامل ہیں۔ چونکہ اس ٹیکنالوجی کے عملی تجربات ابھی بہت محدود ہیں، اس لیے اس کے طویل مدتی اثرات کے بارے میں مکمل یقین سے کچھ کہنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ بل گیٹس پاکستان میں بھی زراعت کے منصوبوں اور سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے سرگرم رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ پاکستان کے زرعی شعبے میں مخصوص منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کرنے کے بعد ان کے ممکنہ کردار پر مقامی سطح پر ردعمل سامنے آیا تھا۔

editor

Related Articles