گورنر راج کے تحت خیبرپختونخوا میں تجارتی انقلاب کا آغاز، 19 محکموں کی مشاورت سے کاروباری اصلاحات نافذ کرنے کا حتمی فیصلہ

گورنر راج کے تحت خیبرپختونخوا میں تجارتی انقلاب کا آغاز، 19 محکموں کی مشاورت سے کاروباری اصلاحات نافذ کرنے کا حتمی فیصلہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے میں کاروبار کو آسان بنانے اور متعلقہ قوانین و ضوابط میں اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاروباری افراد کو سہولیات فراہم کرنے، این او سیز کے اجرا اور خیبرپختونخوا آسان کاروبار ایکٹ 2025 پر عمل درآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر صنعت ارشاد احمد، مشیر ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری صنعت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کو آسان کاروبار لائیو پورٹل، ریگولیٹری لائسنسنگ اینڈ سرٹیفکیشن دفاتر کی ڈیجیٹائزیشن، کاروباری افراد کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو کاروباری اصلاحات کے لیے 19 محکموں کی مشاورت سے تیار کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کاروباری افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنا ضروری ہے۔ کاروبار سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے سنگل ونڈو نظام متعارف کرایا جائے، جبکہ کاروبار کے فروغ اور عوامی سہولت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا مؤثر نظام وضع کیا جائے جس کے تحت شہریوں کو معمولی کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔ آسان کاروبار سے متعلق شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے تیار کردہ پورٹل بھی جلد از جلد فعال کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا یہی تھی تبدیلی اور نام نہاد جدید ٹیکنالوجی پشاور کی اہم شاہراہ پر سڑک کے بیچوں بیچ پولز کی موجودگی نے پی ٹی آئی کے ترقیاتی دعووں کا جنازہ نکال دیا

گورنر نے کہا کہ کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے اور کاروباری اصلاحات و ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کا عمل تیز کرنے کے لیے محکمہ آئی ٹی کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

فیصل کریم کنڈی نے آسان کاروبار کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات پر عملی پیش رفت شروع کی جائے اور کاروبار کے فروغ کے لیے شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles