پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی میں شرکت کے لیے برطانوی شہری کی حیثیت سے نام درج کرانے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
محمد عامر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ سب کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آئی پی ایل سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ محمد عامر نے برطانوی شہریت کی بنیاد پر افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے اپنا نام رجسٹر کروایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں رہائش اور برطانوی پاسپورٹ رکھنے کے باعث ان کی ممکنہ آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق بھی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک بز نے بھی محمد عامر کی برطانوی شہریت اور افغانستان پریمیئر لیگ میں ممکنہ شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی آئی پی ایل میں شمولیت کے امکان کی جانب اشارہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل 2027 کی نیلامی 16 دسمبر کو بھارتی شہر گوا میں شیڈول ہے، جس میں محمد عامر کی شرکت سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد کرکٹر نے خود وضاحت جاری کردی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہش مند پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم متعدد پاکستانی کرکٹرز ایونٹ کے ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔