ایک ڈرون فوٹیج پردھمکیاں کیوں؟ جو ویڈیو استعمال ہوئی وہ اوپن سورس ہے، ہم نے نہیں بنائی، مصور حسین عباسی کا جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سوشل میڈیا مہم پردو ٹوک جواب

ایک ڈرون فوٹیج پردھمکیاں کیوں؟ جو ویڈیو استعمال ہوئی وہ اوپن سورس ہے، ہم نے نہیں بنائی، مصور حسین عباسی کا جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سوشل میڈیا مہم پردو ٹوک جواب

آزاد ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مصور حسین عباسی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اپنے ادارے کے خلاف مبینہ پروپیگنڈا مہم اور دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ادارہ ایک آزاد میڈیا پلیٹ فارم ہے، جسے صحافتی کام سے روکنے کے لیے دباؤ یا دھمکیوں کا سہارا قبول نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ متنازع ڈرون ویڈیو اوپن سورس تھی اور اس کی عکس بندی میں آزاد ڈیجیٹل کا کوئی کردار نہیں تھا۔

جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصور حسین عباسی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت، جمعیت علمائے اسلام، کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آزاد ڈیجیٹل کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، جس میں ادارے پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں اور اسے ایسے معاملات سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جن سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

آزاد ڈیجیٹل ایک آزاد صحافتی ادارہ ہے

مصور حسین عباسی نے کہا کہ آزاد ڈیجیٹل ایک آزاد میڈیا چینل ہے جو دیگر میڈیا ہاؤسز کی طرح اپنے صحافتی اصولوں کے مطابق کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافت اور تنقید کا حق سب کو حاصل ہے۔ ہر شخص اور سیاسی جماعت کو کسی بھی خبر، رپورٹ یا مؤقف پر اختلاف کرنے اور اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا اختیار ہے، لیکن اختلاف کی آڑ میں کسی میڈیا ادارے کے خلاف غیر اخلاقی مہم چلانا اور دھمکیاں دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد ڈیجیٹل اپنے صحافتی کردار اور ادارتی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

جمعیت علمائے اسلام سے ایسے رویے کی توقع نہیں تھی

مصور حسین عباسی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سوشل میڈیا پر مبینہ مہم کے انداز پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا کارکنان بدتہذیبی کی حدود عبور کر چکے تھے، تاہم اب ان کے بقول یہی طرز عمل جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سے انہیں ایسے رویے کی توقع نہیں تھی، کیونکہ ان کے خیال میں اس جماعت کی تربیت اور سیاسی و اخلاقی پس منظر ایک مختلف نوعیت کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس جماعت کی تربیت علمائے کرام کے ہاتھوں ہوئی ہو، اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بداخلاقی اور غیر مناسب زبان کا استعمال مایوس کن ہے۔

ڈرون فوٹیج اوپن سورس تھی، عکس بندی میں آزاد ڈیجیٹل کا کوئی کردار نہیں

پریس کانفرنس میں ڈرون فوٹیج کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے مصور حسین عباسی نے کہا کہ آزاد ڈیجیٹل نے جو ویڈیو استعمال کی، وہ اوپن سورس مواد تھا اور اس کی عکس بندی ادارے نے نہیں کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو مختلف میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی استعمال کی گئی، لہٰذا صرف آزاد ڈیجیٹل کو اس بنیاد پر نشانہ بنانا مناسب نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد سے متعلق زیر بحث ویڈیو بھی اوپن سورس تھی اور اس کی تیاری یا فضائی عکس بندی میں آزاد ڈیجیٹل کا کوئی کردار نہیں تھا۔

مصور حسین عباسی نے واضح کیا کہ کسی عوامی طور پر دستیاب ویڈیو کو صحافتی مقصد کے لیے استعمال کرنے اور خود کسی مقام کی ڈرون کے ذریعے عکس بندی کرنے میں فرق ہے، اس لیے دونوں معاملات کو ایک دوسرے کے ساتھ منسلک نہیں کیا جانا چاہیے۔

ایک فوٹیج کو بنیاد بنا کر دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے

آزاد ڈیجیٹل کے سربراہ نے کہا کہ ایک ڈرون فوٹیج کو بنیاد بنا کر ادارے کے خلاف دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، جو صحافتی آزادی اور اختلاف رائے کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو آزاد میڈیا ادارے کے خلاف پروپیگنڈا کرنے یا اسے دباؤ میں لانے کا حق حاصل نہیں۔

ان کے مطابق اختلاف کی صورت میں متعلقہ جماعت کو اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے اور اگر کسی خبر یا ویڈیو پر اعتراض ہے تو اس کا جواب دلیل اور شواہد کے ساتھ دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے مبینہ مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ڈیجیٹل اس طرز عمل اور اس کے ذریعے پیش کیے جانے والے بیانیے کو قبول نہیں کرتا۔

Related Articles