پاکستان کے ساحلی شہر گوادر میں ایک بڑی نیلی وہیل مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔ تقریباً 30 فٹ لمبی اس وہیل کی لاش بدھ کے روز گوادر ایسٹ بے کے قریب ساحل پر ملی، جس کے بعد سمندری حیات کے تحفظ سے متعلق خدشات ایک بار پھر سامنے آگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ وہیل گزشتہ دو روز سے گوادر کے مختلف سمندری مقامات پر تیرتی ہوئی دیکھی گئی تھی۔ بعد ازاں سمندری لہریں اسے ایسٹ بے کے ساحل کی جانب لے آئیں، جہاں اس کی لاش ملی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ساحل کے قریب نسبتاً کم گہرے پانی کی وجہ سے وہیل کے پھنسنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس کی موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
اس واقعے نے سمندری ماحول اور نایاب آبی حیات کے تحفظ پر کام کرنے والے ماہرین اور اداروں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ متعلقہ تنظیمیں وہیل کی موت کے حالات اور اس کے ساحل تک پہنچنے کی وجوہات جاننے کے لیے جائزہ لے رہی ہیں۔
ماہرین کے لیے یہ واقعہ اس بات کا ایک اہم موقع ہے کہ پاکستان کے سمندری ماحول کو درپیش خطرات اور بڑی آبی مخلوقات کے تحفظ کے اقدامات پر مزید توجہ دی جائے۔