وفاقی کابینہ نے موجودہ 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے ساتھ پاکستانی کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن بھی منظور کر لیے گئے ہیں، جن میں سکیورٹی کے جدید اقدامات اور زیادہ پائیداری کو مدنظر رکھا جائے گا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری وزارت خزانہ کی سفارش پر متعلقہ اداروں اور فریقین سے مشاورت کے بعد دی گئی۔ نئے ڈیزائن میں کرنسی نوٹوں کی سکیورٹی بہتر بنانے اور انہیں زیادہ دیر تک قابل استعمال رکھنے کے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔