پاکستانی ڈرامہ سیریل ’مٹی دے باوے‘ ان دنوں ناظرین اور ناقدین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ڈرامے میں مختلف اداکاروں کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے، تاہم نوجوان اداکار فضل حسین نے کم عمری میں بالا گجراتی کا ماضی کا کردار ادا کرکے خاصی پذیرائی حاصل کی ہے۔
فضل حسین نے ڈرامے میں بالا گجراتی کے نوجوان کردار کو اس انداز میں پیش کیا کہ ناظرین اس کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کرنے لگے۔ ان کی اداکاری کو سوشل میڈیا پر بھی پسند کیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں فضل حسین نے پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ ’مٹی دے باوے‘ نے ان کی زندگی اور کیریئر پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
اداکار کے مطابق وہ کافی عرصے سے شوبز انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں اور انہیں ہمیشہ یقین تھا کہ ایک دن کوئی ایسا کردار ضرور ملے گا جو ان کے کیریئر کا رخ بدل دے گا۔ ان کے بقول بالا گجراتی کا کردار ان کے لیے ایسا ہی موقع ثابت ہوا۔
فضل حسین نے کہا کہ انہیں اپنے فن اور صلاحیتوں پر اعتماد تھا اور وہ جانتے تھے کہ پروڈیوسرز بھی ان کی اداکاری کی قابلیت سے واقف ہیں، تاہم انہیں ایسے کردار کا انتظار تھا جو ان کی صلاحیتوں کو نمایاں کر سکے۔
انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکاری کی دنیا میں مزید بڑے کام کرنا چاہتے ہیں۔ فضل حسین کا کہنا تھا کہ وہ خود کا موازنہ کسی دوسرے اداکار سے نہیں کرتے، لیکن انہیں یقین ہے کہ ایک دن وہ فواد خان جیسی شہرت حاصل کریں گے۔
ان کے مطابق وہ محنت اور مستقل مزاجی کے ساتھ آہستہ آہستہ اپنے مقصد کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ہر کامیابی کا اپنا ایک وقت ہوتا ہے۔