عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر کی لاہور آمد نے پاکستانی موسیقی کے مداحوں میں خوشی اور تجسس پیدا کر دیا ہے۔ ایلن واکر نے سوشل میڈیا پر لاہور کی سڑکوں اور مختلف مقامات کی ویڈیوز شیئر کیں، جس سے ان کی پاکستان آمد کی خبر سامنے آئی۔
سوشل میڈیا پوسٹس سے اشارہ ملتا ہے کہ ایلن واکر پاکستانی گلوکاروں حمزہ ملک اور زین ذوہیب کے ساتھ کسی نئے میوزک پروجیکٹ پر کام کر سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ایلن واکر نے پاکستانی گانا ’الفاظ‘ کی میوزک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں گلوکاروں کے پیچھے ماسک پہنے ایک شخص دکھائی دیتا ہے۔ اس شخص کا لباس اور انداز ایلن واکر کی پہچان سے مشابہ ہے۔
’فیڈڈ‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے ڈی جے نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دلچسپ سوال کیا کہ اس میں ایلن واکر جیسا نظر آنے والا شخص کون ہے؟ انہوں نے گانے کی تعریف بھی کی۔
بعد ازاں ایلن واکر نے یوٹیوب پر حمزہ ملک کی جانب سے دیے گئے جواب کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا۔ حمزہ ملک نے جواب میں لکھا کہ ایلن واکر فی الحال ایک معمہ ہیں، لیکن شاید دونوں مل کر اس راز کا سراغ لگا سکیں۔
اس کے بعد ایلن واکر نے ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں بتایا کہ حمزہ نے انہیں جواب دے دیا ہے اور یہ گانا ہر جگہ سنائی دے رہا ہے۔ انہوں نے لاہور پہنچ کر اس کام کو مکمل کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
ایلن واکر نے حمزہ ملک اور زین ذوہیب کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی، جس سے ممکنہ میوزک تعاون کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔ تاہم ابھی تک تینوں فنکاروں کی جانب سے اس منصوبے کی نوعیت یا ریلیز کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گانا ’الفاظ‘ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر چکا ہے اور اسپاٹیفائی کے ٹاپ 50 گلوبل چارٹ میں بھی جگہ بنا چکا ہے
ایلن واکر کو 2015 میں ریلیز ہونے والے گانے ’فیڈڈ‘ سے دنیا بھر میں شہرت ملی۔ ان کے مشہور گانوں میں ’آلوون‘، ’دی اسپیکٹر‘، ’سنگ می ٹو سلیپ‘ اور ’ڈارک سائیڈ‘ شامل ہیں۔ ان کے کئی گانے یوٹیوب پر ایک ارب سے زائد مرتبہ دیکھے جا چکے ہیں۔ ایلن واکر کی ایک خاص پہچان ان کا ماسک پہن کر پرفارم کرنا بھی ہے، جس کی وجہ سے ان کا منفرد انداز دنیا بھر میں مشہور ہے۔