اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری: سی ڈی اے نے پلاٹ فائلوں کی تصدیق کا طریقہ کار بدل دیا، غیر ضروری تاخیر اور دفاتر کے چکر ختم

اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری: سی ڈی اے نے پلاٹ فائلوں کی تصدیق کا طریقہ کار بدل دیا، غیر ضروری تاخیر اور دفاتر کے چکر ختم

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پلاٹ فائلوں کی تصدیق کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے غیر ضروری تصدیق اور تاخیر روکنے کے لیے نئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اب پلاٹ فائلوں کی اصلیت کی تصدیق ڈائریکٹر جنرل لینڈ اینڈ اسٹیٹ کی پیشگی منظوری سے مشروط ہوگی، جبکہ ٹھوس وجوہات کے بغیر تصدیق کا عمل شروع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے محمد زمان وٹو نے متعلقہ افسران کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے پلاٹ فائلوں کی تصدیق اور دیگر امور کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ اقدام کا مقصد غیر ضروری تصدیقی کارروائیوں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات اور فائلوں کے التوا کو ختم کرنا ہے۔

ہدایت کے مطابق پلاٹ فائل کی اصلیت کی تصدیق کے لیے پہلے ڈائریکٹر جنرل لینڈ اینڈ اسٹیٹ سے پیشگی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ بغیر ٹھوس وجوہات کے فائل کی تصدیق شروع نہیں کی جا سکے گی، تاکہ غیر ضروری کارروائیوں اور شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول پمپ مالکان کو آخری الٹی میٹم، مستحقین کو فیول سبسڈی نہ دینے پر پمپس کے لائسنس منسوخ ہوں گے

سی ڈی اے حکام کو این او سی کے اجرا سے متعلق درخواستیں مقررہ مدت میں نمٹانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ واضح کیا گیا ہے کہ اتھارٹی کے کسی بھی ڈیسک پر فائل تین دن سے زیادہ زیر التوا نہیں رہنی چاہیے۔

غیر ضروری تصدیق کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کے خاتمے کے لیے ڈائریکٹر جنرل لینڈ اینڈ اسٹیٹ کو تمام مراحل کی مدت مقرر کرکے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے ذریعے تصدیق اور دیگر متعلقہ امور کے لیے مقررہ مدت واضح کی جائے گی تاکہ درخواست گزاروں کو کارروائی کی تکمیل کے بارے میں واضح رہنمائی مل سکے۔

سی ڈی اے کے اس اقدام سے پلاٹ فائلوں کی تصدیق، این او سی کے اجرا اور دیگر متعلقہ معاملات میں غیر ضروری تاخیر روکنے، دفتری کارروائی کو مؤثر بنانے اور شہریوں کو بروقت سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles