وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام پر اہم اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر عملدرآمد، رجسٹریشن، سبسڈی کی ادائیگیوں اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا گیا وزیراعظم نے اب تک ہونے والی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کی مؤثر مانیٹرنگ اور مستحقین تک سبسڈی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں۔ رجسٹرڈ افراد میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان جبکہ 449 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنا دیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح کے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فیول سبسڈی سے مستفید نہ ہونے والے مستحق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر متعلقہ پٹرول پمپس مستحقین کو سبسڈی فراہم نہیں کرتے تو شکایات کی بنیاد پر ان کے لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول ریلیف پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے پروگرام کی مؤثر نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ تیار کرنے پر شزا فاطمہ اور آئی ٹی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیول ریلیف پروگرام کی مسلسل نگرانی کی جائے، سبسڈی کی شفاف فراہمی یقینی بنائی جائے اور مستحق شہریوں کو ریلیف کے حصول میں درپیش مشکلات فوری دور کی جائیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔