خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں پی ٹی آئی دور کی انتظامی اجارہ داری ختم کرنے کی تیاری

خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں پی ٹی آئی دور کی انتظامی اجارہ داری ختم کرنے کی تیاری

خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) کے تحت کام کرنے والے سرکاری تدریسی  ہسپتالوں کا انتظامی نظام تبدیل کرنے کے لیے مشاورت کا عمل شروع کردیا گیا ہے، گورنر کی ایڈوائزری کونسل نے تحریک انصاف کے سابق دور میں ہسپتالوں کو دی گئی انتظامی خودمختاری اور بورڈ آف گورنرز کے اختیارات کا ازسرنو جائزہ لینے کی تیاری کرلی ہے۔

اس سلسلے میں ایڈوائزری کونسل نے اسپتالوں کے انتظامی معاملات، اندرونی فیصلوں اور موجودہ نظام کی کارکردگی سے متعلق معلومات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایسے ڈاکٹروں اور سابق و موجودہ ملازمین سے رابطے کیے جا رہے ہیں جو ایم ٹی آئی نظام کے عملی نفاذ اور اسپتالوں کے انتظامی ڈھانچے سے واقفیت رکھتے ہیں۔

انصاف ڈاکٹرز فورم سے وابستہ تعیناتیوں کا بھی جائزہ

ذرائع کے مطابق ایم ٹی آئی اسپتالوں کے متعدد اہم انتظامی عہدوں پر انصاف ڈاکٹرز فورم سے تعلق رکھنے والے افراد کام کر رہے ہیں۔ ایڈوائزری کونسل موجودہ انتظامی ڈھانچے اور ان تعیناتیوں کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ مختلف عہدوں پر ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے،مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد اسپتالوں کے انتظامی معاملات اور اختیارات کی تقسیم کا جائزہ لینا ہے، تاکہ مستقبل کے لیے انتظامی ڈھانچے سے متعلق نئی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :غریبوں کے نام پر جاری فنڈز پر مافیا کا شب خون ، خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ پلس کے نام پر 35 ارب 2 کروڑ کے فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات شروع

ریٹائرڈ ڈاکٹرز کو بورڈ آف گورنرز کی سربراہی دینے کی تجویز

مشاورتی عمل میں ایک اہم تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور سابق ملازمین کو ایم ٹی آئی اسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز میں شامل کیا جائے۔ اس سے آگے بڑھتے ہوئے بعض تجربہ کار ریٹائرڈ ڈاکٹروں کو بورڈز کا چیئرمین مقرر کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس تجویز کے تحت ایسے افراد کو ذمہ داریاں دینے پر غور ہے جو ایم ٹی آئی نظام کے قیام، اس کے انتظامی طریقہ کار اور اسپتالوں کے اندرونی معاملات کا طویل تجربہ رکھتے ہوں۔ ان کی شمولیت سے سابقہ انتظامی فیصلوں، بھرتیوں، اختیارات کے استعمال اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے میں مدد مل سکتی ہے۔

سابق انتظامی فیصلوں کی جانچ بھی مجوزہ حکمت عملی کا حصہ

ایڈوائزری کونسل ایسے ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور سابق ملازمین سے مسلسل رابطے میں ہے جو ماضی میں ایم ٹی آئی اسپتالوں کے انتظامی امور سے وابستہ رہے ہیں۔ اس حوالے سے ملاقاتوں اور مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ بورڈ آف گورنرز کی سربراہی کے لیے تجربہ کار ریٹائرڈ افراد کے انتخاب کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔

تاہم ایم ٹی آئی اسپتالوں کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی، بورڈ آف گورنرز کے اختیارات میں ردوبدل یا نئی سربراہیوں کی تقرری سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان سامنے آیا ہے۔

editor

Related Articles