وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈرپاس کا افتتاح کردیا، 27 روز میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کا منصوبہ مکمل

وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈرپاس کا افتتاح کردیا، 27 روز میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کا منصوبہ مکمل

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس منصوبے کا افتتاح کردیا۔ منصوبہ صرف 27 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، جس سے دارالحکومت کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم کو منصوبے کے مختلف حصوں، تعمیراتی معیار اور شہری ٹریفک پر اس کے اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 6 ہزار 340 نئے درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ کشمیر کی ثقافت اور شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے اطراف میں دو خوبصورت یادگاری مونومنٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

500 میٹر انڈرپاس کے ساتھ 4 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر چوک انڈرپاس محض 500 میٹر طویل منصوبہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ 4 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو منصوبے کی بروقت تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں اتنی تیز رفتاری سے کسی منصوبے کو مکمل ہوتے نہیں دیکھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایس سی او کانفرنس اور دیگر اہم تقریبات کے لیے اسلام آباد کی تیاریوں کا عملی مظہر ہے۔ منصوبے کا ٹھیکہ تخمینہ لاگت سے تقریباً ڈھائی فیصد کم قیمت پر ای پیڈز کے ذریعے دیا گیا، جو شفافیت کے ساتھ وسائل کے بہتر استعمال کی مثال ہے۔

اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملک کی شبانہ روز خدمت کے لیے تمام اداروں کو ایک ٹیم بن کر اسی جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال ایس سی او کانفرنس منعقد ہونے جا رہی ہے، اس لیے اسلام آباد کو خوبصورت اور جدید دارالحکومت بنانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی جائیداد سی ڈی اے کو واپس مل گئی، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر چوک انڈرپاس کا منصوبہ اعلیٰ تعمیراتی معیار کے ساتھ صرف 27 روز میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے تعاون اور حمایت کو بھی سراہا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے نتیجے میں اربوں روپے مالیت کی ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی جائیداد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو واپس مل گئی ہے۔

انہوں نے منصوبے کی تکمیل کو متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مختصر وقت میں معیاری تعمیراتی کام مکمل کرنے کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔

editor

Related Articles