پاک افغان سرحد پر ضلع کرم کے شلوزان سیکٹر میں پاکستانی سیکیورٹی پوسٹوں پر افغان طالبان کی جانب سے مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھاری ہتھیاروں سے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی سرحدی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان نے کرم کے شلوزان سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر قائم پاکستانی سیکیورٹی پوسٹوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس پر پاکستانی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کا مؤثر جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان اپنے مورچے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
دستیاب معلومات کے مطابق پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔
