پی ٹی آئی کی13 سالہ لوٹ مار نے کے پی کے تعلیمی نظام کی دھجیاں بکھیر دیں،34 سرکاری جامعات میں سے 26 کنگال کرکے چلتے بنے

پی ٹی آئی کی13 سالہ لوٹ مار نے کے پی کے تعلیمی نظام کی دھجیاں بکھیر دیں،34 سرکاری جامعات میں سے 26   کنگال کرکے چلتے بنے

خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کی 34 سرکاری یونیورسٹیوں میں سے 26 خسارے میں چلی گئی ہیں، جبکہ مالی بحران سے نکلنے کے لیے صوبائی حکومت نے وفاق سے 18 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ مانگ لی ہے۔

اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں صوبے کی سرکاری جامعات کو درپیش مالی مشکلات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

خط کے مطابق صوبے کی 26 سرکاری جامعات کا مجموعی مالی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ان جامعات میں تقریباً 2 لاکھ طلبہ زیرتعلیم ہیں، جن کی تعلیم اور تعلیمی اخراجات مالی بحران سے متاثر ہو رہے ہیں۔ جامعات کی مالی مشکلات کے باعث طلبہ اور ان کے خاندانوں پر فیسوں کا اضافی بوجھ بھی بڑھ رہا ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے خط میں نشاندہی کی ہے کہ گزشتہ 10 برس کے دوران جامعات کو سرکاری گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 18 ارب روپے کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دوسری جانب ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات میں مسلسل اضافے نے مالی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دہشتگردی کے سامنے پی ٹی آئی کا مجرمانہ سرنڈر، 13 سال تک اقتدار کے مزے لوٹے، پولیس کو گاڑیوں اور اینٹی ڈرون سسٹم سے محروم رکھا

خط میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی گرانٹ میں 6.3 فیصد کمی ہوئی، جبکہ فنڈز محدود ہونے کے باوجود جامعات کے اخراجات میں 18 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صوبائی حکومت نے اپنی جانب سے بھی جامعات کے لیے مالی گرانٹ بڑھا کر 11 ارب 85 کروڑ روپے کردی ہے، تاہم محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق یہ رقم جامعات کو درپیش مالی مشکلات ختم کرنے کے لیے کافی نہیں۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جامعات کے مالی خسارے کا بوجھ طلبہ پر منتقل کرنا مناسب نہیں، کیونکہ فیسوں میں مزید اضافہ طلبہ اور ان کے والدین کے لیے مشکلات پیدا کرے گا۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات کو 18 ارب روپے کی خصوصی مالی گرانٹ فراہم کی جائے اور مستقبل میں فنڈز کی تقسیم طلبہ کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے تاکہ جامعات کو درپیش مالی بحران پر قابو پایا جا سکے۔

editor

Related Articles